آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات، غیاث پراچہ کے حمایت یافتہ امیدوار اشعر حلیم قریشی بلا مقابلہ مرکزی چیئرمین منتخب

پیر 9 اکتوبر 2017 19:03

لاہور۔9 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2017ء) آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات برائے سال 2017-18 میں غیاث پراچہ کے حمایت یافتہ امیدوار اشعر حلیم قریشی بلا مقابلہ مرکزی چیئرمین منتخب کر لئے گئے ہیں۔ وہ گزشتہ بیس سال سے پٹرولیم ، گیس اور سی این جی کی صنعت سے وابستہ ہیں اور توانائی کے معاملات پر گہری نظر رکھتے ہیں۔

کراچی کے معروف بزنس مین سمیر نجمل سینئر وائس چیئرمین منتخب ہو گئے جبکہ پنجاب سے تعلق رکھنے والے سید فیاض گیلانی کو وائس چیئرمین منتخب کیا گیا ہے۔سید فیاض گیلانی پنجاب میں سی این جی سیکٹر کی بحالی کی جدوجہد میں غیاث پراچہ، عابد حیات اورکیپٹن ریٹائرڈ راجہ شجاع کے شانہ بشانہ شریک رہے ہیں۔ اپنے انتخاب کے موقع پر نو منتخب مرکزی چیئرمین اشعر حلیم قریشی نے آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کے ممبران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے گروپ کے تمام امیدواران بلا مقابلہ منتخب ہوئے ہیں جس پر میں پورے پاکستان سے سی این جی ممبران کا شکر گزار ہوں اور سی این جی سیکٹر کی بحالی کی کوششوں کو آگے بڑھائوں گا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سالانہ عام اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے غیاث پراچہ نے کہا کہ عہدوں سے سبکدوش ہونے والے معزز ممبران کی محنت قابل تحسین ہے کہ انھوں نے انتہائی کٹھن اور نازک حالات میں سی این جی سیکٹر کو بحال رکھنے کی جدوجہد کی اور پنجاب کی سی این جی انڈسٹری کی بحالی کا تاریخی کارنامہ سر انجام دیا۔ انہوںنے کہا کہ میری تمام سی این جی مالکان سے گزارش ہے کہ وہ آپس کے اختلافات بھلا کر پہلے کی طرح سی این جی سیکٹر کہ دنیا میں نمبر ون بنانے کی کوششوں میں ان کا ساتھ دیں۔ غیاث پراچہ نے کہا کہ ہم نئی ٹیکنالوجی متعارف کروائیں گے جس سے سی این جی کی آپریشنل کاسٹ کم ہو سکے اور سی این جی بزنس کو لانگ ٹرم کیلئے زندگی ملے گی۔

متعلقہ عنوان :