محکمہ صحت لکی مروت نے تین روزہ تبلیغی اجتماع کے دوران45ہزار مریضوں کا طبی معائنہ کیا مفت ادویات فراہم کی گئیں

700مریضوں کو بہتر طبی سہولتوں کیلئے گورنمنٹ سٹی ہسپتال ریفر کیا گیا

پیر 9 اکتوبر 2017 18:37

لکی مروت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اکتوبر2017ء)محکمہ صحت لکی مروت نے تین روزہ تبلیغی اجتماع کے دوران45ہزار مریضوں کا طبی معائنہ کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں مفت ادویات فراہم کیں اس کے علاوہ کوئی سات سو مریضوں کو بہتر طبی سہولتوں کے لئے گورنمنٹ سٹی ہسپتال ریفر کیا گیا یہاں میڈیا نمائندوں سے باتیں کرتے ہوئے ڈی ایچ او ڈاکٹر طائوس خان نے بتایا کہ محکمہ صحت نے تبلیغی اجتماع کے دوران شرکت کرنے والے لاکھوں افراد کو طبی سہولتوں کی فراہمی کے لئے بہتر انتظامات کررکھے تھے اجتماع گاہ میں چار ڈسپینسریاں اور میڈیکل کیمپ قائم کئے گئے تھے ہر کیمپ کے ساتھ ایک ایک ایمبولینس بھی فراہم کی گئی تھی اس کے علاوہ ایک ایمبولینس کو اجتماع گاہ میں رومنگ پر رکھا گیا تھا ہر ڈسپینسری میں دو میڈیکل آفیسرز اور چار میڈیکس جبکہ ایمبولینس گاڑیوں میں ایک میڈیکل آفیسر اور تین پیرامیڈیکس کی تعیناتی یقینی بنائی گئی تھی جن کے ہمراہ وافر مقدار میں ادویات موجود تھیں انہوں نے کہا کہ میڈیکل کیمپس پر آنے والے بیشتر افراد کو گلے، گیسٹرو، پیٹ کی خرابی اور دیگر عارضے لاحق تھے جنہیں موقع پر فوری طبی امداد فراہم کی گئی انہوں نے محکمہ صحت کے ڈاکٹروں اور طبی عملے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی کمشنر محمد بختیار خان نے بھی تین روزہ تبلیغی اجتماع کے دوران محکمہ صحت کی طرف سے بہتر انتظامات کو سراہا ہے۔