ٹماٹر کی قلت پر رواں ہفتے مکمل قابو پا لیاجائے گا ،حکام

ایران اور افغانستان سے درآمد،ٹماٹر کی فی کلو گرام قیمت 100روپے ہو گئی

پیر 9 اکتوبر 2017 17:34

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2017ء) محکمہ خوراک پنجاب نے ایران اور افغانستان سے ٹماٹر کی در آمد شروع کر دی جس کے ثمرات عوام تک پہنچنا شروع ہو گئے ، حکام نے رواں ہفتے ٹماٹر کی قلت کے مکمل خاتمے کا اعلان بھی کر دیا ۔محکمہ زراعت پنجاب کے ذرائع نے اے پی پی کو بتایاکہ رواں برس بلوچستان میں ٹماٹر کی تیار فصل بارش اور وائرس کی وجہ سے تباہ ہو گئی تھی جس کے اثرات ملک میں ٹماٹر کی قلت کی صورت میں نمودار ہوئے تاھم محکمہ زراعت پنجاب نے ٹماٹر کی قلت پر قابو پانے کے لیے اقدامات کیے اور محکمہ خوراک پنجاب نے ہندوستان سے ٹماٹر کی در آمد پر پابندی بدستور برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ ملکی صورتحال کے پیش نظر ایران اور افغانستان سے ٹماٹر در آمد کرنے کا فیصلہ کیا اور اس ضمن میں افغانستان اور ایران سے باقاعدہ طے پا گیا جس کے تحت ان ممالک سے ٹماٹر کی کھیپ کی در آمد شروع کر دی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

محکمہ زراعت پنجاب کی جانب سے یہ دعویٰ بھی کیا گیاہے کہ ملک میں ٹماٹر کی قلت پر 15اکتوبر تک مکمل قابو پا لیاجائے گا ۔واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں ملک کے مختلف حصوں میں ٹماٹر کی قیمت 300روپے فی کلو گرام تک جا پہنچی تھی جسے ابتدائی طور پر مصنوعی قلت قرار دیا گیا تاھم معاملے کے عمیق جائزے کے بعد ماہرین خوراک و زراعت نے حکام کو بتایاکہ بھارت سے ٹماٹر کی در آمد پر پابندی عائد ہونے اور بلوچستان میں ٹماٹر کی فصل خراب ہونے کی وجہ سے ملک میں ٹماٹر کی قلت پیدا ہوئی جس کو دور کرنے کے لیے ٹماٹر کی در آمد ضروری ہے ۔

ٹماٹر کی ایران اور افغانستان سے در آمد کی بدولت گذشتہ روز راولپنڈی میں ٹماٹر 100روپے فی کلو گرام تک فروخت ہوتا رہا جبکہ حکام کاکہنا ہے آئندہ چند یوم میں ٹماٹر کی فی کلو گرام قیمت میں مزید کمی آئے گی ۔دریں اثناء محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان نوید عصمت کاہلونے ’’اے پی پی‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ مختلف ترکاریوں کے لازمی جزو ٹماٹر کی قلت پر قابو پانے کے لیے اگرچہ بھرپور اقدامات کیے جارہے ہیں تاھم عوام کچن گارڈننگ کے فروغ سے ٹماٹر سمیت دیگر موسمی سبزیاں تازہ اور بروقت حاصل کر سکتے ہیں ۔

انہوںنے کہاکہ اس کے علاوہ ہر ہانڈی کا لازمی جزو ہونے کی حیثیت سے ضروری ہے کہ شہری ٹماٹر کے متبادل دہی کا استعمال کریں اور ہمہ وقت ٹماٹر کی کچھ مقدار محفوظ رکھیں تاکہ بوقت ضرورت اسے استعمال میں لایاجاسکے ۔

متعلقہ عنوان :