اقوام متحدہ اپنے چارٹر کے چپٹر 7کے مطابق برما اور ہندوستان کے خلاف طاقت کا استعمال کرے ،ْعبد الرشید ترابی

مقبوضہ کشمیر کے اندر بھی نریندر مودی مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کے لیے قتل عام کر رہے ہیں ،ْ گفتگو

پیر 9 اکتوبر 2017 17:08

برمنگھم(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اکتوبر2017ء) کنونیئر کل جماعتی کشمیر رابطہ کونسل و ممبر قانون ساز اسمبلی سابق امیرجماعت اسلامی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ اپنے چارٹر کے چپٹر 7کے مطابق برما اور ہندوستان کے خلاف طاقت کا استعمال کرے تا کہ برما اور مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کی منظم نسل کشی کور وکا جا سکے ،جس طرح اقوام متحدہ نے دیگر خطوں میں طاقت کا استعما ل کر کے وہاں کے لوگوں کو حقوق دلائے ہیں اسی طرح یہاں بھی سیاسی اور سفارتی دبائو استعمال کر کے کشمیریوں اور روہنگیا کے مسلمانوں کو حقوق دلوائے ،نریندر مودی اور سوچی کے معاہدے کے بعد روہنگیا میں مسلمانوں کا قتل عام تیز ہوا اور نریندر مودی نے اس قتل عام پر سوچی حکومت کی بھرپور حمایت کی ،ا ن خیالات کااظہار انہوں نے تحریک کشمیر برطانیہ کے زیر اہتمام کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر تحریک کشمیر یورپ کے صدر محمد غالب،تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر فہیم کیانی سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا ،کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہا کہ اگر چہ برما میں ظلم وستم پہلے بھی ہو رہا تھا لیکن تازہ لہر اس وقت شروع ہوئی جب بھارت اور برما کی حکومت کے درمیان تازہ معاہدہ ہوا جس میں بندر گاہ تعمیر کرنے اور مشرق کی ریاستوں سے روڈ کے ذریعے رابطے بڑھانے کے لیے کام کا آغاز ہوا تو اس راستے میں مسلم اکثریت آتی تھی جس کے خاتمے کا منصوبہ بنایا گیا برمی حکومت نے ظلم کی انتہا کی تو روہنگیا مسلمانوں کے لیے دو ہی راستے تھے یا ہندوستان جائیں یا بنگلہ دیش جائیں ہندوستان کی حکومت نے راستہ بند کر دیا اور بنگلہ دیش نے بھی بھارت کے دبائو میں آکر ان مسلمانوں کی اس طرح نگہداشت نہیں کی جس طرح ان کا حق تھا انہوں نے کہاکہ اس حوالے سے برطانیہ کی حکومت کا اچھا موقف رہا ہم اس کی تحسین کرتے ہیں انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کے اندر بھی نریندر مودی مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کے لیے قتل عام کر رہے ہیں اور اطلاعات ہیں کہ جس طرح 1947ء میں جموں ریجن کے اندر لاکھوں مسلمانوں کو قتل کیا گیا تھا اسی طرح کی منصوبہ بندی کر کے مسلمانوں کا قتل عام کیا جا سکتا ہے انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کے اندر بدترین انسانی حقوق کی پامالیاں ہو رہی ہیں عالمی برادری اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کی ذمہ داری ہے کہ وہ انسانی حقوق کی پامالی رکوانے کے ساتھ ساتھ ریلیف بھی فراہم کرے اور یہاں کے مسلمانوں کو بنیادی اور پیدائشی حق فراہم کروانے کے لیے بھی اپنا کردار ادا کریں ۔