حلف نامہ ختم نبوت میں تبدیلی کرنیوالوں کو کڑی سزا دی جائے ،ْ تقدیس گیلانی

ختم نبوت ہمارے ایمان کا حصہ ہے، شہدائے زلزلہ کی برسی کی تقریب میں وزیراعظم آزادکشمیر کا ہونا ضروری تھا ،ْ گفتگو

پیر 9 اکتوبر 2017 17:08

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اکتوبر2017ء) تحریک انصاف آزادکشمیر کی مرکزی نائب صدر پروفیسر تقدیس گیلانی نے کہا ہے کہ حلف نامہ ختم نبوت میں تبدیلی کرنیوالوں کو کڑی سزا دی جائے،ختم نبوت ہمارے ایمان کا حصہ ہے، شہدائے زلزلہ کی برسی کی تقریب میں وزیراعظم آزادکشمیر کا ہونا ضروری تھا، آج بھی متاثرین زلزلہ حکومتی توجہ کے منتظر ہیں، 50 فیصد سکول ابھی تک تعمیر نہیں ہوسکے، بحالی و آبادکاری بھی نہیں ہورہی، متاثرین زلزلہ آج بھی سٹیلائیٹ ٹائون کی راہ دیکھ رہے ہیں۔

تحریک آزادی کشمیر کیلئے اگر کوئی سیاستدان مخلص ہے وہ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری ہیں جو ذاتی جیب سے تحریک آزادی کشمیر کو اجاگر کررہے ہیں۔ گزشتہ روز میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہداء زلزلہ کی یاد کو کبھی بھولا نہیں جا سکتا، 2005 کا قیامت خیز زلزلہ آج بھی لرزہ طاری کردیتا ہے۔

(جاری ہے)

جب ماں اپنے لخت جگر کی زندگی بچانے کے لیے تڑپ رہی تھی، بہن بھائی کی لاشیں اٹھا رہی تھیں، جب معصوم بچے اپنے والدین کا سایہ چھن جانے کے باعث بے یارومددگار پڑے تھے، وہ دن آج بھی ہمارے لیے قیامت صغریٰ کی یاد دلاتا ہے،تحریک انصاف، معاشرے میں عدل و انصاف کے لیے اپنا مثبت کردارادا کر رہی ہے ۔

مقبوضہ کشمیر میں ہونیوالے مظالم عالمی برادری کی توجہ کے منتظر ہیں، انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں کشمیر میں خواتین کے بال کاٹنے کی پرزور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ اقوام متحدہ اس حرکت کا نوٹس لے بھارت کے مکروہ عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوسکتے کشمیریوں کو آزادی مل کر رہے گی۔

متعلقہ عنوان :