آلو کی کاشت میں اضافہ کیلئے خصوصی مہم کا آ غاز کر دیا گیا ،ڈی جی زراعت (توسیع)پنجاب

پیر 9 اکتوبر 2017 16:51

لاہور۔9 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2017ء)ڈائریکٹر جنرل زراعت (توسیع)پنجاب سید ظفر یاب حید ر نقوی نے کہا ہے کہ آلو کی کاشت میں اضافہ کیلئے خصوصی مہم کا آ غاز کر دیا گیا ہے ، اس مہم کو کامیاب بنانے کیلئے تمام ڈویژن ڈائریکٹرز کو ہدایت جاری کر دی گئی ہے، ڈویژن ڈائریکٹر آلو کے کاشتکاروں کو زیادہ سے زیادہ کاشت کرنے کی ترغیب دیں، انہوں نے کہا کہ آلو کی کاشت میں اضافہ کی اہمیت اور افادیت کے بارے میں کاشتکاروں میں شعور اجاگر کرنے کیلئے 13اکتوبر کو اوکاڑہ میں سیمینار کا انعقاد کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ آلو نقد آور فصل ہے، کسان کم محنت کر کے زیادہ منافع کما سکتا ہے، آلو کی کاشت کیلئے ہماری زمین بہت ذرخیز ہے ، انہوں نے ڈائریکٹرز کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ زراعت آفیسران اور فیلڈ سٹاف کسانوں کی رہنمائی میں ہمہ تن مصروف رہیں، اس سلسلہ میں کسی قسم کی سستی یا کاہلی قابل برداشت نہ ہو گی،کاشتکاروں کے مالی مفاد کا تحفظ کرنا ہماری ذمہ داری ہے اور کوئی آفیسر ذمہ داری میں غفلت کا مظاہر ہ نہ کرے، کسان کو اس کی محنت کا پھل دلانے کیلئے محکمہ زراعت کے افسران دن رات محنت کریںاور کاشتکار تنظیموں سے رابطے کر کے نقدا ٓور فصلوں کی پیداوار میں اضافے کی نتیجہ خیز کوشش کریں۔