پنجاب کا تعلیمی نظام دنیا کے چند بہترین نظام تعلیم میں سے ایک ہے،رانا مشہود

پیر 9 اکتوبر 2017 16:51

پنجاب کا تعلیمی نظام دنیا کے چند بہترین نظام تعلیم میں سے ایک ہے،رانا ..
ملتان۔9 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2017ء) صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد نے کہا ہے کہ پنجاب کا تعلیمی نظام دنیا کے چند بہترین نظام تعلیم میں سے ایک ہے،ان خیالات کااظہار انہوں نے ’’ابتدائے بچپن تعلیم پروگرام ‘‘کی تکمیل کے موقع پر منعقدہ تقریب سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ یونیسیف کے اشتراک سے ’’ابتدائے بچپن تعلیم پروگرام‘‘کے تحت 5000بہترین ماڈل سکول بن چکے ہیں جن کو بڑھا کر اس سال کا ٹارگٹ 10ہزار کرنا ہے جبکہ ہرسال ان کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا،انکا کہنا تھا کہ ہمارے صوبائی ایجوکیشن سسٹم کے ساتھ بے تحاشا عالمی تنظیمیں کام کررہی ہیں ،صوبہ بھر سے چائلڈ لیبر کوختم کرکے ہربچے کو تعلیم سے آراستہ کرنا ایک بہت بڑا چیلنج تھا،انہوں نے کہاکہ وزیراعلی پنجاب کے وژن کے مطابق آج ہمارے سکول پرائیویٹ ایلیٹ سکولوں سے مقابلہ کررہے ہیں اور ہمارے ساڑھے تین سے پانچ لاکھ بچے پبلک سیکٹر سے سرکاری سکول میں گئے ہیں،انہوں نے بتایا کہ جنوبی پنجاب کے 10ہزار سے زائد سکولوں کی سولرائزیشن کررہے ہیں اور اس سال کے آخر تک 12000سکولوں کوسولرائزیشن کے ذریعے بجلی فراہم کردی جائے گی،دانش سکولوں کے طلباء وطالبات نے لاس اینجلس میں پاکستان کو پانچواں نمبر دلوایا،قومیں صرف تعلیم سے ہی ترقی کرسکتی ہیں،5اکتوبر کوٹیچرز ڈے کے موقع پر 500سٹارز اساتذہ کوایوارڈ دیا گیا جس سے ان کی حوصلہ افزائی ہوئی،اگلے سال اس ایوارڈ کی تعداد بھی بڑھا کر ایک ہزار کردی جائے گی،جنوبی پنجاب زیورتعلیم پروگرام کے تحت 4لاکھ 60ہزار بچیوں کو معاوضہ دیکر معاشرے کامفید شہری بنارہے ہیں،سکولوں میں ’’میل پروگرام‘‘بھی جنوبی پنجاب سے شروع کریں گے جس کے تحت طلبا کو ایک وقت کا کھانا دیا جائے گا،انکا مزید کہنا تھا کہ میں نے جب بھی وزیراعلی سے ملاقات کی انہوںنے ایک خواہش کااظہارکیا ہے کہ ہربچے کوتعلیم سے آزاستہ کرکے اپنے پائوں پر کھڑا کریں،رانا مشہود نے کہاکہ ایجوکیشن سیکٹر ہی پاکستان کو دنیا میں کھویا ہوامقام واپس دلاسکتا ہے،بجلی،معیشت کی بحالی اورسی پیک سمیت پاکستان کی ترقی کے منصوبوں کوکوئی نہیں روک سکتا،قبل ازیں سیکرٹری تعلیم ڈاکٹر اللہ بخش نے اپنے خطاب میں کہاکہ ’’ابتدائے بچپن تعلیم پروگرام‘‘کے تحت 5000سکولوں کی تکمیل درحقیقت وزیراعلی پنجاب اور وزیرتعلیم کے وژن کی تکمیل ہے،انہوںنے کہاکہ اساتذہ جس محنت اورلگن سے کام کررہے ہیں جلد منزل کوپالیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ معیار تعلیم میں بہتری کیلئے عوامی نمائندوں سمیت معاشرے کے ہرفرد کواپنا کردار ادا کرنا چاہیے،’’ابتدائے بچپن تعلیم پروگرام‘‘کے ریجنل پروگرام منیجر نے بتایا کہ پروگرام پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت یونیسیف کے اشتراک سے چل رہاہے،یہ پروگرام وزیراعلی کے ویژن کے مطابق سیکرٹری تعلیم کی سربراہی میں 76کروڑ کی لاگت سے مکمل ہوا۔