پاکستان میں انٹرنیٹ کااستعمال بڑھ گیا،سال 2012ء سے لے کر 2015 ء کے دوران 16 ملین سے زائد پاکستانی آن لائن ہوئے ،اقوام متحدہ کی سالانہ رپورٹ

پیر 9 اکتوبر 2017 16:21

پاکستان میں انٹرنیٹ کااستعمال بڑھ گیا،سال 2012ء سے لے کر 2015 ء کے دوران ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2017ء) سال 2012ء سے لے کر 2015 ء کے دوران 16 ملین سے زائد پاکستانی آن لائن ہوئے جو ملک میں انٹرنیٹ استعمال کرنے والے صارفین کی مجموعی تعداد کا47فیصد بنتاہے۔ یہ بات اقوام متحدہ کی کانفرنس برائے تجارت و ترقی ( یو این سی ٹی اے ڈی) کی جانب سے جاری ہونے والی سالانہ رپورٹ میں کہی گئی ہے ۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان میں انٹرنیٹ کااستعمال روز بروز بڑھ رہا ہے اور اس وقت پاکستان انٹرنیٹ استعمال کرنے والے 10 معیشتوں کی فہرست میں شامل ہو گیا ہے۔

(جاری ہے)

اس رینکنگ میں پاکستان 9ویں پوزیشن پر ہے جبکہ ایران 7سات اور بنگلہ دیش 10ویں پوزیشن پر ہے۔ رپورٹ کے مطابق ملک میں تھری جی اور فور جی ٹیکنالوجی اور سمارٹ فون کی تعداد میں اضافے کے بعد پاکستان میں انٹرنیٹ استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے ۔ اس وقت ملک میں انٹرنیٹ کے ذریعے تجارت کو بھی فروغ مل رہا ہے۔ دراز ، علی ایکسپریس ، کیمو، اوبر اور کریم استعمال کرنے والے صارفین بھی انٹرنیٹ کااستعمال کررہے ہیں ۔ ایک سروے کے مطابق سمارٹ فون استعمال کرنے والے 73 فیصد صارفین موٹر رائیڈ سروس استعمال کرنے میں معاون ایپلیکیشنز استعمال کررہے ہیں۔