فیسکو انتظامیہ ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمرز کی خرابی کی شرح کم کرنے میں کامیاب

پیر 9 اکتوبر 2017 15:57

فیصل آباد۔9 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2017ء)فیسکو انتظامیہ بہتر حکمت عملی اور گڈ گورننس کے باعث امسال شدید گرم موسم کے باوجود ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمرز کی خرابی کی شرح کم کرنے میں کامیاب رہی جس سے کمپنی کو کروڑوں روپے کا فائدہ ہوا جسے سسٹم کی بہتری کیلئے استعمال کیا جارہا ہے،فیسکو کے ترجمان نے بتایاکہ ریجن میں پچھلے سال مختلف استعداد کے 320 ٹرانسفارمرز خراب و جلنے کے واقعات ہوئے جبکہ امسال چیف ایگزیکٹو فیسکو مجاہد اسلام باللہ کی ہدایت پر سب ڈویژنوں میں ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمرز کی لوڈبیلنسنگ کی گئی اور ٹرانسفارمروں کی اپ گریڈیشن اور چین پرپوزل پر عمل درآمد کے باعث ماہ جولائی تک 178 ٹرانسفارمروں کے خراب وجلنے کے واقعات ریکارڈ کئے گئے یوں پچھلے سال کی نسبت 142 ٹرانسفامر کم خراب ہوئے اور کمپنی کو نہ صرف ایک کروڑ 87 لاکھ روپے کا مالی فائدہ ہوا بلکہ صارفین کو بھی ٹرانسفارمروں کی خرابی کی شرح کم ہونے سے اچھی سروس ملی،انہوںنے بتایاکہ 25کے وی اے کے 16، 50کے وی اے کے 18، 100کے وی اے کے 33اور 200کے وی اے کے 75 ٹرانسفارمرز کم خراب ہوئے جبکہ رمضان المبارک میں بھی ٹرانسفارمر ری کلیمیشن ورکشاپ کی طرف سے ماہ مقدس سے قبل کثیر تعداد میں ٹرانسفارمر وں کی مرمت کیلئے سٹور بھجوانے کی وجہ سے صارفین کو کوالٹی سروس ملی اور ٹرانسفارمر خرابی کی صورت میں انہیں فوری تبدیل کیا گیا،انہوںنے بتایاکہ مجاہد اسلام باللہ نے آپریشن سٹاف کو انتظامیہ کی حکمت عملی پر اچھی طرح عمل درآمد پر شاباش دی۔