شہداء زلزلہ کی 12 ویں برسی پر اٹھنے والے کروڑوں کے اخراجات کی تفصیلات پبلکاکائونٹس کمیٹی طلب کرے‘ شوکت جاوید

پیر 9 اکتوبر 2017 15:52

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 اکتوبر2017ء) پاکستان پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کے مرکزی سیکرٹری ریکارڈ شوکت جاوید میر نے مطالبہ کیا ہیکہ شہدائے زلزلہ کی 12 برسی پر اٹھنے والے تمام محکمہ جات کے بجٹ سے کروڑوں روپے اخراجات کی تفصیلات بپلک اکائونٹس کمیٹی طلب کرے۔ متاثرین زلزلہ کے خاندان اب بھی شیلٹرز میں بدحال زندگی بسر کر رہے ہیں جبکہ متاثرہ خاندان خوراک ، ادویات اور روزگار سے مکمل محروم کر دیئے گے ہیں یہی فنڈز فوٹو سیشن اور ذاتی تشہیر فرضی نمود ونمائش کے بجائے اگر ڈیٹا اکٹھا کر کے متاثرہ خاندانوں پر خرچ کیے جاتے تو باعث ثواب بھی ہوتا اورذریعہ نجات بھی ۔

وہ گزشتہ روز زلزلہ کی 12 ویں برسی پر اٹھنے والے شاہانہ اخراجات کرنے پر تبصرہ کر رہے تھے ۔

(جاری ہے)

شوکت جاوید نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری تھی وہ عالمی برادری ، این جی اوز ، انسانی حقوق کی تنظمیوں اور رفاعی اداروں کے نمائندوں کو مدعو کر کے ریاستی سطح پر ان کی عزت افزائی کرتی جو دنیا بھر کے لئے ایک بڑا بریک تھرو ہوتا مگراپنی تنخواہوں اور مراعات میں تین سو فیصد آضافہ کرنے والے حکمرانوں کو متاثرین زلزلہ ان کے تباہ حال خاندانوں اور بھارتی فائرنگ سے بے گھر ہونے والے عوام سے نہ تو کوئی سرو کار ہے نہ ہی کسی قسم کی ہمدردی ۔

انہوں نے کہا کہ آٹھ اکتوبر کے تباہ کن زلزلے کے بعد عالمی ڈونرز نے اتنی مقدار میں امداد فراہم کی کہ اگر آزاد کشمیر کی ساری آباد ی کو مفت رہائش فراہم کی جاتی تو بھی پیسے بچ جاتے مگر ان سے تو 40 ہزار خاندان ہی نہیں سنبھالا جا سکا جن کے لئے پاکستان اور آزاد کشمیر کے مخیر حضرات اور بیرون ملک بسنے والے کشمیریوں نے تجوریوں کے منہ کھول دیئے تھے بہادر افواج پاکستان نے دن رات ایک کر کے دکھی انسانیت کی مثالی خدمت کو ہمیشہ کے لئے تاریخ میں امر کر دیا ہے ۔

مگر ہماری بے حسی نااہلی کا عالم یہ ہے کہ ترکی ، یو اے ای سمیت دیگر ممالک کی طرف سے اربوں روپے کے اخراجات سے تعمیر کر کے دی جانے والی عمارتوں کی مناسب دیکھ بھال نہیں کر سکے ۔ شوکت جاوید میر نے کہا کہ ترک صدر رجب طیب اردگان نے اگر کبھی دوبارہ آزاد کشمیر کا دورہ کیا تو وہ اپنی طرف سے تعمیرات کے لئے دیئے جانے والی خطیر رقم سے بننے والی عمارتوں کا ستیا ناس دیکھ کر حواس باختہ ہو جائیں گے ۔

دریں اثناء پیپلزپارٹی کے مرکزی سیکرٹری ریکارڈ شوکت جاوید نے آزاد کشمیر میں نظریاتی کارکنوں کو ضلعی تنظیموں میں نمائندگی دینے پر پارٹی کے جواں سال چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ، سیاسی امور کی چیئر پرسن محترمہ فریال تالپور صدر لطیف اکبر ، سیکرٹری جنرل فیصل ممتاز راٹھور کو خراج تحسین پیش کیا ہے اورنو منتخب ضلعی صدور ، سیکرٹریز کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپنے غیر مشروط تعاون کا یقین دلاتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ شہید بھٹو ازم، شہید بے نظیر مشن کے مطابق پارٹی کے استحکام ، مضبوطی ، نظریاتی صف بندی کے لئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لاتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو بے نقاب کرنے اور حکومت آزاد کشمیر کی بدترین انتقامی کاروائیاں روکنے کے لئے اپنا کلیدی سیاسی کردار ادا کریں گے ۔

انہوں نے کہا باقی اضلاع کی تنظیمیں چند روز میں مکمل ہو جائیں گی ، قربانیاں دینے والے تمام نظریاتی کارکنوں کو عزت و وقار سے عہدے دئیے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :