Live Updates

ہو سکتا ہے پارلیمنٹ سے منظور ہونیوالی ترامیم سے نا اہل ہونے کے خدشات کا شکار بھی فائدہ اٹھانے کا سوچ رہے ہوں‘ افتخار چوہدری

سپریم کورٹ آئین کی روح کے منافی کسی بھی قانون ، ترمیم کو دیکھ سکتی ہے ،شاہد خاقان عباسی کوکسی کی بیساکھی اور مدد سے نہیں چلنا چاہیے چیف الیکشن کمشنر بشمول تمام ممبران ایماندار ہیں ، عمران خان جو معاملات اٹھاتے ہیں انکا حل بھی تو بتائیں‘ سربراہ جسٹس اینڈ ڈیمو کریٹک پارٹی

اتوار 8 اکتوبر 2017 15:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اکتوبر2017ء) پاکستان جسٹس اینڈ ڈیمو کریٹک پارٹی کے سربراہ چیف جسٹس (ر) افتخار محمد چوہدری نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ آئین کی روح کے منافی کسی بھی قانون اور ترمیم کو دیکھ سکتی ہے ،شاہد خاقان عباسی وزیر اعظم ہیں انہیں کسی کی بیساکھی اور مدد سے نہیں چلنا چاہیے اور اگر یہ سلسلہ جاری رہتا ہے اور گورننس نہیں لائی جاتی تو صدر مملکت انہیں دوبارہ اعتماد کا ووٹ لینے کا کہہ سکتے ہیں ،موجودہ چیف الیکشن کمشنر بشمول تمام ممبران ایماندار ہیں ، عمران خان جو معاملات اٹھاتے ہیں ان کا حل بھی تو بتائیں لیکن وہ خود اسمبلی میں تو آتے نہیں۔

ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ سے منظور ہونے والی ترامیم کو اور نظر سے بھی دیکھا جائے جس میں سیاسی جماعتوں نے حکومت سے ہاتھ ملایا ہے اور اس کے پیچھے یہ چیز بھی کارفرما ہو سکتی ہے کہ ہمارے لیڈر بھی نا اہل ہو جائیں گے اور اس سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ نواز شریف نے نیب عدالت میں پیش ہو کر کسی پر احسان نہیں کیا بلکہ وہ اپنے بچائو کیلئے نیب عدالت کے سامنے پیش ہوئے ۔

اگر وہ پیش نہ ہوتے تو نہ صرف قید کی سزا ہوتی بلکہ جائیداد بھی قرق ہوتی لیکن میں ان کے اس اقدام کو سراہتا ہوں ۔ محترمہ بینظیر بھٹو اپنے چھوٹے چھوٹے بچوں کے ہمراہ عدالتوں میں آتی تھیں اور آصف علی زرداری عدالتوں میں پیش ہوتے رہے ہیں۔ پرویز مشرف بزدل آدمی ہے اگر ایسا نہ ہوتا تو وہ بیرون ملک نہ بھاگتا ۔ جسٹس (ر) افتخار محمد چوہدری نے کہا کہ ہم صدارتی نظام کے نعرے کے ساتھ انتخابات میں جائیں گے اور اس پر دلائل سے بات کریں گے۔

انہوںنے کہا کہ ہماری جماعت اس کی حامی ہے کہ کسی بھی حکومت کو اپنی آئینی مدت پوری کرنی چاہیے اور ہم موجودہ حکومت کے لئے بھی اس طرح کی خواہش رکھتے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ کرپشن کرنے والوںکا بلا تفریق کڑا احتساب ہونا چاہیے اور عوام کو بھی چاہیے کہ وہ شعبدہ بازوں اور سبز باغ دکھانے والوں کے پیچھے نہ جائیں۔ انہوںنے کہا کہ شاہد خاقان عباسی ایک ملک کے وزیر اعظم ہیں اگر وہ بیساکھی اور کسی کی مدد سے چلیں گے تو یہ اچھا اقدام تصور نہیں ہوگا۔

انہوںنے اقوام متحدہ میں بھرپور موقف اپنایا اور انہیں عوام کی طرف سے اس پر داد ملی ہے ۔ اگر وہ کسی کے سہارے چلتے ہیں اور گورننس نہیں لائی جاتی تو پھر آئین کے مطابق صدر انہیں دوبارہ اعتماد کا ووٹ لینے کا کہہ سکتے ہیں ۔ انہوںنے عمران خان کی طرف سے الیکشن کمیشن پر عدم اعتماد کے اظہار کے سوال کے جواب میں کہا کہ چیف الیکشن کمشنر بشمول تمام ممبران ایماندر ہیں، چیف الیکشن کمشنر تو عدلیہ میں میر ی ٹیم کے اہم ممبر تھے اور انہیں عدلیہ میں ایڈ منسٹریٹو کا وسیع تجربہ ہے۔ عمران خان جن معاملات کو سامنے لاتے ہیں اس کا حل بھی تو بتائیں ۔ جب پارلیمنٹ میں ترامیم ہو رہی تھیں اور وزیر اعظم کے عہدے کا انتخاب تھا تووہ خود تو اسمبلی آئے نہیں ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات