راجہ پرویز اشرف کیخلاف گیپکو میں غیر قانونی بھرتیوں کا کیس ،نیب ریفرنس کے 2 گواہان کی شہادتیں قلمبند

احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم کی حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی ، آئندہ سماعت پر ہر حال میں پیش ہونے کا حکم

ہفتہ 7 اکتوبر 2017 18:22

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اکتوبر2017ء) لاہور کی احتساب عدالت نے گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو )میں غیر قانونی بھرتیوں کے خلاف کیس میں سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کی حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی جبکہ عدالت نے نیب ریفرنس کے 2 گواہان کی شہادتیں کو قلمبند کرتے ہوئے کیس کی سماعت 28 اکتوبر تک کے لیے ملتوی کردی۔

گزشتہ روز سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کے خلاف گیپکو میں غیر قانونی بھرتیوں کے خلاف کیس کی سماعت احتساب عدالت کے جج نجم الحسن نے کی۔

(جاری ہے)

سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کے وکیل نے حاضری معافی کی درخواست پیش کی جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر ہر حال میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔عدالت میں ریفرنس کے 2 گواہان جن میں ڈایکٹر گیپکو طاہر محمود اور وقار احمد ایڈمن میجنر نے شہادت قلمبند کروائی۔

احتساب عدالت نے دونوں گواہان کی شہادت پر وکلا کو آئندہ سماعت پر طلب کرتے ہوئے کیس کے دیگر 2گواہان کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم جاری کردیا۔یاد رہے کہ سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف پر گیپکو میں 437 افراد کو غیر قانونی طور پر بھرتی کرنے کا الزام ہے۔ عدالت نے راجہ پرویز اشرف سمیت دیگر 7 افراد پر فرد جرم عائد کر رکھی ہے۔