ہیٹ ویو کا خدشہ، میئر کراچی کی جانب سے کے ایم سی ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ

ہفتہ 7 اکتوبر 2017 15:54

ہیٹ ویو کا خدشہ، میئر کراچی کی جانب سے کے ایم سی ہسپتالوں میں ایمرجنسی ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اکتوبر2017ء) میئر کراچی وسیم اختر نے محکمہ موسمیات کی ہیٹ ویو کی پیشگوئی کے بعد کے ایم سی کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے۔تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کی جانب سے کراچی میں ہفتہ سے شدید گرمی کی پیش گوئی کے بعد میئر کراچی وسیم اختر نے ہدایت جاری کی ہے کہ عباسی شہید اسپتال سمیت کے ایم سی کے بارہ اسپتالوں میں فوری طور پر ہیٹ اسٹروک مینجمنٹ سینٹر کو فعال کردیا جائے۔

اس سلسلے میں میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ گرمی سے متاثرہ افراد کو طبی امداد کی فراہمی کیلئے تمام تر انتظامات مکمل کئے جائیں اور اسپتالوں میں ڈاکٹرز،پیرا میڈیکل اسٹاف اور ضروری ادویات کا وافر ذخیرہ رکھا جائے ۔میئر کراچی کا کہنا تھا کہ کسی بھی علاقے میں ہیٹ اسٹروک یا لو لگنے کی صورت میں شہری بلدیہ کے اسپتالوں سے رجوع کرسکتے ہیں، ساتھ ہی انہوں نے کے الیکٹرک سے اپیل کی ہے کہ شہریوں کو ہیٹ اسٹروک سے محفوظ رکھنے کیلئے بجلی کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنائے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب محکمہ موسمیات کے حکام نے شدید گرمی میں شہریوں کو بلا ضرورت گھر سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی ہے، طبی ماہرین کے مطابق گرمی میں غیر ضروری طور پر گھر سے باہر نہ نکلیں اور دھوپ میں سرڈھانپنے کے ساتھر چھتری کا بھی استعمال کریں، گرمی میں ہلکے رنگ کے کپڑے پہنیں، مشروبات زیادہ استعمال کریں اور ہیٹ ویو کی صورت میں پانی کا زیادہ استعمال کریں۔

متعلقہ عنوان :