میثاق جمہوریت کے تحت سیاست کو آگے لے جانا ہوگا‘ ملک میں جمہوریت ہوگی تو انصاف ہوگا-پوری دنیا افغانستان میں جس دہشت گردی کا مقابلہ نہیں کرسکی پاکستان نے اس دہشت گردی کو شکست دی-وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا جتوئی میں جلسہ سے خطاب

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 7 اکتوبر 2017 14:56

میثاق جمہوریت کے تحت سیاست کو آگے لے جانا ہوگا‘ ملک میں جمہوریت ہوگی ..
نوشہرو فیروز (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔07 اکتوبر۔2017ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اپنے دورِ اقتدار میں ملک میں ریکارڈ کام کروائے اور پاکستان کی معیشت کو بہتر کرتے ہوئے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا۔نوشہرو فیروز کے علاقے نواں جتوئی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ مسلم لیگ نے ملک میں بلا امتیاز کام کیے جن کا فائدہ تمام پاکستانیوں کو مستقبل میں فائدہ پہنچے گا۔

وزیر اعظم نے حکمران جماعت کے صدر نواز شریف کے حوالے سے کہا کہ نواز شریف اور ان کی جماعت نے ملک میں ترقیاتی کام کر کے دکھائے ہیں۔اپنے خطاب کے دوران انہوں نے غلام مصطفیٰ جتوائی کی سیاسی بصیرت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ غلام مصطفی جتوائی پارلیمنٹ میں جس طرح اپنا کردار ادا کرتے تھے اس کی مثال ماضی میں نہیں ملتی۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آج ملک میں آج پورے ملک میں موٹرویز کا جال بچھایا جارہا ہے اور موٹروے سندھ سے ملکی معیشت پر اچھے اثرات مرتب ہوں گے جبکہ پاکستان کو آئندہ 50 سال تک اس منصوبے کے ثمرات ملتے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں نوکریاں تب پیدا ہوتی ہیں جب ملک میں ترقی ہوتی ہے اور جب مسلم لیگ (ن) کی حکومت آئی تو ملک میں ترقی کی شرح 3 فیصد تھی جو اب بڑھ کر 6 فیصد ہوگئی ہے تاہم حکومت کا یہی بنیادی اصول ہے کہ سرکاری نوکریاں انصاف کے تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے حق دار اور نوکری کے اہل شخص کو حاصل ہونی چاہیے۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ میثاق جمہوریت کے تحت سیاست کو آگے لے جانا ہوگا‘ ملک میں جمہوریت ہوگی تو انصاف ہوگا، میثاق جمہوریت میں انتقامی سیاست کو ختم کردیا گیا، ہمیں میثاق جمہوریت کے مطابق سیاست کو آگے لے کر جانا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ عدالتی فیصلے کے بعد کہا گیا کہ مسلم لیگ(ن) ٹوٹ جائے گی اور اس کے کارکن ادھر ادھر چلے جائیں گے لیکن حکومت نے 28 جولائی کا عدالتی فیصلہ تسلیم کیا، ملک کو چیلنجز درپیش ہیں جن کا مقابلہ کرنا ہے، پوری دنیا افغانستان میں جس دہشت گردی کا مقابلہ نہیں کرسکی پاکستان نے اس دہشت گردی کو شکست دی، (ن) لیگ نے صرف باتیں نہیں کیں بلکہ کام کرکے دکھایا جب کہ عوام 8 ماہ بعد الیکشن میں درست فیصلہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے بجلی کے منصوبے لگائے، سی پیک شروع کیا جس سے پاکستان مضبوط اور ترقی یافتہ بنے گا، آج اور 4 سال پہلے کے کراچی میں زمین آسمان کا فرق ہے جس کے لیے حکومت و سیکورٹی فورسز نے مل جل کر کام کیا۔انہوں نے کہا کہ پارٹی نے جسے منتخب کیا وہی شخص وزیراعظم بن گیا، ملک جمہوریت کے بغیر ترقی نہیں کرسکتا۔وزیراعظم نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ وزارت عظمیٰ کا کوئی امیدوار نہیں، میثاق جمہوریت کے مطابق جمہوریت کو آگے لے کر چلنا ہے۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اپنے دورے کے دوران توانائی کے منصوبے کا افتتاح بھی کرینگے۔وزیراعظم کی آمد کے پیش نظر ضلع بھر میں سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات سخت کئے گئے تھے جبکہ علاقے میں سندھ اور بلوچستان کی سرحد کو بند کرکے گاڑیوں کی چیکنگ کی گئی۔