تحریک انصاف میں اندرونی اختلافات شدت اختیار کرگئے ،ْ

فردوش عاشق اعوان اور عثمان ڈار میں ٹھن گئی فردوش عاشق اعوان کے الزامات پر عثمان ڈار نے معاملہ پارٹی چیئر مین کے سامنے اٹھادیا ،ْ فردوش عاشق کو ٹکٹ نہ دینے کا مطالبہ فردوس عاشق اعوان نے اسد عمر کی موجودگی میں تنقید کرکے پارٹی کی ساکھ کو نقصان پہنچایا ،ْ عثمان ڈار

ہفتہ 7 اکتوبر 2017 14:34

تحریک انصاف میں اندرونی اختلافات شدت اختیار کرگئے ،ْ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اکتوبر2017ء) تحریک انصاف میں اندرونی اختلافات شدت اختیار کرگئے اور پارٹی رہنماؤں فردوس عاشق اعوان اور عثمان ڈار میں ٹھن گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق فردوس عاشق اعوان نے چند روز قبل عہدے داروں کے خلاف سیالکوٹ میں ہونے والے پارٹی کنونشن میں سنگین الزامات لگائے تھے جس پر سیالکوٹ کے پارٹی عہدیدار شدید برہم ہوگئے۔

فردوس عاشق اعوان نے الزام لگایا ہے کہ عثمان ڈار اثر و رسوخ کی بنا پر آگے آنے کی کوشش کر رہے ہیں۔فردوس عاشق اعوان کے الزامات پر تحریک انصاف سیالکوٹ کے صدر عثمان ڈار برہم ہوگئے اور انہوں نے معاملہ پارٹی چیرمین عمران خان کے سامنے اٹھا دیا۔عثمان ڈار نے عمران خان سے شکایت کرتے ہوئے فردوس اعوان کو ٹکٹ نہ دینے کا مطالبہ بھی کردیا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق عثمان ڈار نے کہاکہ فردوس عاشق اعوان نے اسد عمر کی موجودگی میں تنقید کرکے پارٹی کی ساکھ کو نقصان پہنچایا اور خود نمائی کے لیے پارٹی عہدیداروں پر من گھڑت الزامات لگائے۔

ذرائع کے مطابق صدر پی ٹی آئی سیالکوٹ عثمان ڈار اور دیگر عہدیداروں نے فردوس عاشق کے خلاف ڈسپلنری کمیٹی میں درخواست دینے کا بھی فیصلہ کیا ہے جبکہ اس حوالے سے عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ انہوں نیڈسپلنری کمیٹی سے کارروائی کی مشترکہ درخواست تیار کر لی ہے۔واضح رہے کہ فردوس عاشق اعوان این اے 111سیالکوٹ سے پی ٹی آئی کے ٹکٹ کی امیدوار ہیں۔