امریکہ سعودی عرب کو 15 ارب ڈالر کا دفاعی میزائل نظام فروخت کرے گا

سعودی عرب کے ساتھ کیے جانے والے اس معاہدے سے خطے کا فوجی توازن تبدیل نہیں ہو گا،پینٹاگون کی وضاحت

ہفتہ 7 اکتوبر 2017 11:48

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اکتوبر2017ء) امریکی حکومت نے سعودی عرب کو 15 ارب ڈالر کا جدید تھاڈ میزائل دفاعی نظام فروخت کرنے کی منظوری دے دی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ نے ایک بیان میں کہاکہ سعودی عرب کے ساتھ 15 ارب ڈالر کے معاہدے نے امریکہ کی قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کے مفادات کو مزید تقویت دی ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا تھا کہ اس سے سعودی عرب اور خلیج کی سکیورٹی کو ایران اور دیگر علاقائی خطرات کے خلاف بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

ٹرمپ انتظامیہ کو اربوں ڈالر مالیت کے اس سودے کی مدد سے ملک میں موجودہ نوکریوں کو بچانے اور روزگار کے نئے مواقعے پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔پینٹاگون کی دفاعی سکیورٹی ایجنسی کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے ساتھ کیے جانے والے اس معاہدے سے خطے کا فوجی توازن تبدیل نہیں ہو گا۔

خیال رہے کہ شمالی کوریا کی جانب سے جنوبی کوریا کے خلاف ممکنہ میزائل حملے کے خلاف جنوبی کوریا میں جدید تھاڈ میزائل دفاعی نظام نصب کیا جا رہا ہے۔جنوبی کوریا میں اس کی مخالفت کرنے والے سمجھتے ہیں کہ اس سے فوجی تنصیبات کے قریب رہنے والے نشانہ بن سکتے ہیں اور ان کی زندگیاں خطرے میں ہیں۔