صنعتی اداروں میں آگ کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے، وزیر تجارت سندھ منظور وسان

جمعہ 6 اکتوبر 2017 21:35

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اکتوبر2017ء) صنعتی اداروں میں مسلسل آگ لگنے کے واقعات قابل تشویش ہیں اور ان کی روک تھام کیلئے صنعتکار اور متعلقہ ادارے حفاظتی اقدامات کو بہتر کریں۔ یہ بات صوبائی وزیر صنعت و تجارت منظور وسان نے گزشتہ روز اپنے دفتر میں نیشنل فورم فار انوائرنمنٹ اینڈ ہیلتھ کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔

وفد کی قیادت فورم کے صدر محمد نعیم قریشی نے کی۔ اس موقع پر فورم کے جنرل سیکریٹری انجینئر ندیم اشرف اور رابطہ منیجر جان رچرڈ بھی موجو د تھے۔ منظور وسان نے کہا کہ جلد ہی تمام ٹریڈ ایسوسی ایشنز ، کراچی چیمبر اور صنعتکاروں کا اجلاس بلایا جائے گا جس میں آگ سے بچائو کے حفاظتی اقدامات، انتظامات انسانی جانوں کی حفاظت اور دستیاب وسائل پر تبادلہ خیال ہوگا کیونکہ آگ انسانی جانوں اور اثاثوں کیلئے بڑا خطرہ ہے اور ایک مؤثر حکمت عملی کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے نیشنل فورم کی تجاویز سے اتفاق کرتے ہوئے ان پر عمل درآمد کا وعدہ کیا اور کہا کہ ساتویں فائر سیفٹی کانفرنس کا انعقاد خوش آئند اور بروقت ہے اور توقع ہے اس کانفرنس سے حفاظتی اقدامات کی بہتر آگاہی ہوگی۔ انہوں نے وزارت کی جانب سے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ تمام انڈسٹریل ایسوسی ایشنز اس میں شرکت کریں گی۔ قبل ازیں نعیم قریشی نے بتایا کہ آگ لگنے کے بیشتر واقعات حفاظتی اقدامات اور آلات نہ ہونے، فائر بریگیڈیئر اور پانی کی عدم دستیابی اور اداروں کی اپنی غفلت کے باعث رونما ہونے میں اور حکومت سندھ کو ہنگامی بنیادوں پر اس شعبے میں کام کرنے کی ضرورت ہے اور حکومت ہر انڈسٹریل زون میں نجی شعبے کے ساتھ فائر اسٹیشن بنانے اور اسنارکل، فائرٹینڈرز پر خرچ کئے جائیں۔

متعلقہ عنوان :