وزارت کیڈ نے پمز کو شہید ذوالفقار علی بھٹو یونیورسٹی سے انتظامی طور پر علیحد ہ کرنے کا بل وزارت قانون کو بھجوا دیا

وزیر مملکت کیڈ کی وزیر قانون زاہد حامد سے ملاقات، پمز کو یونیورسٹی سے علیحدہ کرنے کے قانونی عمل کو تیز تر کرنے کی درخواست بل سے متعلق تمام قانونی تقاضے پورے کر دئیے گئے ہیں ، متعلقہ بل کی سمری جلد وزیر اعظم کو ارسال کر دی جائے گی،زاہد حامد

جمعہ 6 اکتوبر 2017 21:15

وزارت کیڈ نے پمز کو شہید ذوالفقار علی بھٹو یونیورسٹی سے انتظامی طور ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 اکتوبر2017ء) وزارت کیڈ نے پمز کو شہید ذوالفقار علی بھٹو یونیورسٹی سے انتظامی طور پر علیحد ہ کرنے کا بل وزارت قانون کو بھجوا دیا۔ اس سلسلے میں وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے وزیر قانون زاہد حامد سے ملاقات کی اور پمز کو یونیورسٹی سے علیحدہ کرنے کے قانونی عمل کو تیز تر کرنے کی درخواست کی۔

پمز کو شہید ذوالفقار علی بھٹو یونیورسٹی سے انتظامی طور پر علیحد ہ کرنے کا بل وزارت کیڈ نے تیار کیا اور یہ وزارت قانون کے ذریعے منظوری کیلئے وزیر اعظم کو بھیجا جائے گا۔ زاہد حامد نے کہا کہ بل سے متعلق تمام قانونی تقاضے پورے کر دئیے گئے ہیں اور متعلقہ بل کی سمری جلد وزیر اعظم کو ارسال کر دی جائے گی۔ملاقات میں پمز کے ہڑ تالی ملازمین کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

وزیر قانون سے ملاقات کے بعد پمز کے نمائندوں نے وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری سے بھی ملاقات کی اور کہا کہ تمام حقائق کا جائزہ لینے کے بعد وہ اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ کام درست سمت میں جا ری ہے ،وہ پمز کو میڈیکل یونیورسٹی سے الگ کرنے کے مقصد میں وزیر کیڈ کی مخلصانہ کو ششوں کو سراہتے ہیں اور ان کی کاوشیں سب کے سامنے نمایاں ہیں۔

اس سے قبل بھی جب وہ وزیر نہیں تھے تب بھی وہ اس مشن کیلئے کام کرتے رہے ہیں اور ہم نے دیکھا ہے کہ نومبر 2016سے جب وزیر اعظم نے کیڈ کی سمری پر دونوں اداروں کو علیحدہ کرنے کے موقف کی اصولی منظوری دی تھی ، کیڈ کی طرف سے اس کام میں کسی قسم کی تاخیر نہیں کی گئی اور وزیر کیڈ مسلسل ان کوششوں میں ہیں کہ اس کام کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔

پمز ملازمین کے نمائندوں نے بل سے متعلق تمام پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ اپنے دوسرے ساتھیوں کے سامنے حقائق رکھیں اور جلد از جلد ہسپتال میں مریضوں کیلئے سروسز کا آغاز کر دیا جائے گااور یہ ہڑتال ختم ہو گی۔اس موقع پر وزیر مملکت نے کہا کہ پمز ملازمین ہڑتال ختم کر کے مریضوں کی دیکھ بھال کا کام سر انجام دیں، طبی عملہ عوام کیلئے مسیحا کا کام کرتا ہے۔ پمز ملازمین کے جائز مطالبا ت کی منظوری کیلئے ہم انتہائی تگ و دو سے کام کر رہے ہیں۔پمز کی یونیورسٹی سے علیحدگی کا بل جلد منظور کر لیا جائے گا۔