آل پاکستان مسلم لیگ کے وفد کی ایم کیو ایم کے سابق رہنما سلیم شہزاد سے ملاقات ، سیاسی صورتحال پر گفتگو

جمعہ 6 اکتوبر 2017 21:09

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 اکتوبر2017ء) آل پاکستان مسلم لیگ سندھ ساؤتھ کے صدر احمد حسین کی قیادت میں ایک وفد نے ایم کیو ایم کے سابق رہنما سلیم شہزاد سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ اس موقع پر اے اپی ایم ایل ساؤتھ کے جنرل سیکرٹری اسلم مینائی ، نائب صدر عمران صدیقی اور سندھ کے سیکرٹری اطلاعات محمد علی شیروانی بھی موجود تھے۔

ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال ، کراچی کے سیاسی معاملات ، بلدیاتی مسائل اور دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر احمد حسین نے کہاکہ پارٹی کے سربراہ پرویز مشرف کی ہدایت پر ہم نے کراچی کی تمام سیاسی جماعتوں سے ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کیا ہے۔ اے پی ایم ایل کا کسی سیاسی جماعت سے کوئی اختلاف نہیں۔

(جاری ہے)

ہم کراچی کے مسائل کے حل کے لیے تمام جماعتوں کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں اور کارکنان کے لیے اے پی ایم ایل کے دروازے کھلے ہیں ، جو شمولیت اختیار کرے گا ، اسے ہم خوش آمدید کہیں گے۔ اس موقع پر سلیم شہزاد نے اے پی ایم ایل کے رہنما احمد حسین کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کراچی کے مسائل کے حل کے لیے میں ہر ممکن تعاون کروں گا۔ ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ کراچی کے مسائل کے حل کے لیے مشترکہ لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔#