سپیکر قومی اسمبلی سر دار ایاز صادق سے ملائیشیا کے لئے نامزد ہائی کمشنر محمد نفیس ذکریا کی ملاقات

جمعہ 6 اکتوبر 2017 18:32

سپیکر قومی اسمبلی سر دار ایاز صادق سے ملائیشیا کے لئے نامزد ہائی کمشنر ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اکتوبر2017ء) سپیکر قومی اسمبلی سر دار ایاز صادق سے پاکستان کے ملائیشیا کے لئے نامزد ہائی کمشنر محمد نفیس ذکریا نے جمعہ کو پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کی۔ سردار ایاز صادق نے پاکستان کی وزارت خارجہ میں دوران ملازمت مختلف ممالک کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے کے لئے محمد نفیس ذکریا کی خدمات کو سر اہا۔

انہوں نے ان کو بطور وزارت خارجہ کے تر جمان اور مسئلہ کشمیر کو موثر انداز پر اٹھانے کے لئے ان کی تعریف کی۔ سپیکر نے بطور خاص ینگ پارلیمنٹری فورم و دیگر پارلیمانی سرگرمیوں میں نامزد ہائی کمشنر کے تعاون کرنے پر ان کو خراج تحسین پیش کیا جس کے ذریعے پاکستان کا مثبت تشخص دنیا بھر میں اُجاگر ہوا۔ نامزد ہائی کمشنر سے گفتگو کرتے ہوئے سپیکر نے کہا کہ ملائیشیا اور پاکستان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی طرح ملائیشیا بھی تیزی سے ترقی کرنے والا ملک ہے اور دونوں ممالک ایک دوسر ے کے تجربات سے مستفید ہو سکتے ہیں۔ سپیکر نے دونوں ممالک کے مابین پارلیمانی اور عوامی سطح پر رابطوں کوفروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے نامزدہائی کمشنر کو ملائیشیا کے ساتھ تعلقات کو مستحکم بنانے اور سر مایہ کاری کے لئے پاکستان کے بہتر تشخص کواجا گر کرنے کے لئے اپنی سفارتی مہارت کو بروئے کار لانے کے لئے کہا۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ نامزد ہائی کمشنر دونوں ممالک کے مابین پائے جانے والے دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں کامیاب ہوں گے۔ نامزدہائی کمشنر محمد نفیس ذکریا نے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان پہلے ہی سے قریبی دوستانہ تعلقات موجود ہیں اور وہ عوامی اور پارلیمانی سطح پر رابطوں کوفروغ دینے اور دونوں ممالک کے مابین تجارت اور سر مایہ کاری میں اضافے کے لیے اپنی تمام صلاحیتیوں کو بروئے کار لائیں گے ۔

انہوں نے سپیکر کو یقین دلایا کہ پاکستان کی ملائیشیا کے ساتھ تجارت کو فروغ دینا ان کی اولین تر جیح ہوگی ا ور وہ ملائیشیا میں پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں گے ۔انہوں نے سپیکر کو سفارتی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد ملائیشیا کی سیاسی اور سفارتی قیادت سے ملاتیں کرنے کا یقین دلایا جن میں پاکستان اور ملائیشیا کے مابین تعلقات کو مستحکم بنانے پر تبادلہ خیال کریں گے۔