مسئلہ کشمیر ہمارے لیے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے ، آصف زرداری

نوازحکومت نے مودی کی دوستی میں مسئلہ کشمیر کو پس پشت ڈال دیا،بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم وبربریت کی انتہاء کردی ،نوازحکومت میں مسئلہ کشمیر پر بیرون ممالک میں کوئی قابل ذکر کام نہ ہوسکا، مسئلہ کشمیر ہمارے دور میں دنیا کانمبر ون مسئلہ بن چکاتھا،موجودہ حکومت کی ناقص پالیسیوں کے باعث التواء کاشکار ہوگیا،کنٹرول لائن کے متاثرین کی آباد کاری کیلئے کوئی قابل ذکر منصوبہ تیار نہیں کیاگیا پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی آزادکشمیراسمبلی میں قائد حزب اختلا ف چودھری محمد یٰسین سے گفتگو

جمعہ 6 اکتوبر 2017 16:52

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 اکتوبر2017ء) آزادکشمیراسمبلی میں قائد حزب اختلا ف وممبرسنٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی پاکستان پیپلزپارٹی چودھری محمد یٰسین کی پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین وسابق صدر پاکستان آصف علی زرداری سے ملاقات ،گزشتہ روز ہونے والی اس ملاقات میں مقبوضہ کشمیر میں موجودہ صورتحال، پاکستان کی سیاست اور 2018کے انتخابات کے معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا، آصف علی زرداری نے کہاکہ مسئلہ کشمیر ہمارے لیے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے ، نوازحکومت نے مودی کی دوستی میں مسئلہ کشمیر کو پس پشت ڈال دیا، جس کی وجہ سے بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم وبربریت کی انتہاء کردی ۔

اور نوازحکومت کی دور حکومت میں مسئلہ کشمیر پر بیرون ممالک میں کوئی قابل ذکر کام نہ ہوسکا۔

(جاری ہے)

مسئلہ کشمیر ہمارے دور میں دنیا کانمبر ون مسئلہ بن چکاتھا۔ لیکن موجودہ حکومت کی ناقص پالیسیوں کے باعث مسئلہ کشمیر التواء کاشکار ہوگیا۔ انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان کی کمزور ، ناکام ، خارجہ پالیسی کی وجہ سے بھارتی حکومت کو شہ ملی بھارتی حکومت نے ایک طرف مقبوضہ کشمیر میں مظالم کی اتنہاء کردی ۔

دنیا کے خطرناک ترین پیلٹ گن کا استعمال کیا۔ اور بعض اطلاعات ایسی بھی موصول ہوئی ہیں کہ مقبوضہ کشمیر میں کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال کیاگیا۔جبکہ دوسری جانب بھارتی حکومت لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال فائرنگ کاسلسلہ تیزتر کردیا۔ انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان کی مجرمانہ غفلت کے باعث کنٹرول لائن کے متاثرین کی آبادی کاری کیلئے کوئی قابل ذکر منصوبہ تیار نہیں کیاگیا۔

نہ تو آرسی سی بینکرز بنائے گئے او رنہ ہی کوئی دیگر سہولت مہیا کی گئی ۔ انہوں نے کہاکہ ہم مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کو پوری طرح سے مانیٹرننگ کررہے ہیں۔پیپلزپارٹی اقوام متحدہ ، امریکہ ، برطانیہ او ریورپین ممالک میں خاص کر انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کے رابطہ میں ہوں مقبوضہ کشمیر میں ہونیوالے مظالم سے ان کو لمحہ بلمحہ آگاہ کررہے ہیں۔

لیکن حکومت پاکستان کی مجرمانہ غفلت کے باعث بیرون ممالک میں اسطرح کاکام نہیں ہوسکا۔ جس طرح کا ہونا چائیے تھا۔ انہوں نے کہاکہ 2018 کے انتخابات میں پیپلزپارٹی کے امیدواروں کی کامیابی کیلئے ابھی سے کام شروع کیاجائے تمام کشمیری حلقوں میں جاکر کارنر میٹنگ کاسلسلہ شروع کیاجائے ۔برطانیہ میں آباد تارکین وطن کی تنظیم سازی فوری مکمل کی جائے ۔

انہوں نے پاکستان کی سیاسی صورتحال پر بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ پیپلزپارٹی جمہوریت کی بقاء کیلئے خون کے نذرانے دیئے ہیں۔ہم سمجھتے ہیں کہ جمہوریت ہی بہترین انتقام ہے ۔ پیپلزپارٹی نے کبھی قومی اداروں اور عدالتوں سے لڑائی نہیں لڑی ، مسلم لیگ ن جس طرح اداروں کولڑاکر سیاسی شہید بننا چاہتی ہے ۔ ان کی ایسی خوہش پوری نہیں ہوگی ۔ہم نے ہمیشہ سنجیدگی کی سیاست کی ۔ اور یہی وجہ ہے کہ اب عوام کا اعتماد پیپلزپارٹی پربڑھتاجارہاہے ۔