پی سی بی کی جانب سے معین خان کو دوبارہ قومی کرکٹ ٹیم کا منیجربنائے جانے کا امکان

طلعت علی سری لنکا کے خلاف جاری سیریز کے بعد ذمہ داریاں چھوڑ دیں گے،بورڈ کو آگاہ کر چکے ہیں‘ ذرائع

جمعہ 6 اکتوبر 2017 16:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اکتوبر2017ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے معین خان کو دوبارہ قومی کرکٹ ٹیم کا منیجربنائے جانے کا امکان ہے، طلعت علی سری لنکا کے خلاف جاری سیریز کے بعد ذمہ داریاں چھوڑ دیں گے۔

(جاری ہے)

معین خان ورلڈکپ 2015میں بھی بطور منیجر قومی اسکواڈ کے ہمراہ تھے لیکن ایک کسینو میں پائے جانے کے بعد شدید تنقید کی زد میں آنے کے بعد اس وقت کے چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے ان کو وطن واپس بلالیا تھا۔

بعد ازاں ذمہ داریاں سنبھالنے والے وسیم باری سبکدوش ہوئے تو طلعت علی کو یہ ذمہ داری سونپ دی گئی ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ طلعت علی ملک نے پی سی بی کو آگاہ کر دیا ہے کہ سری لنکا کے خلاف ان کی یہ آخری سیریز ہو گی ۔ذمہ داریاں جاری نہ رکھنے کی وجہ طلعت علی ملک نے گھریلو مصروفیات بتائی ہے ۔ ذرائع کے مطابق طلعت علی کا خلا پرکرنے کے لئے معین خان مضبوط امیدوار کے طور سامنے آئے ہیں۔