نواز شریف پاکستان کو توڑنا اور 200سال پیچھے لے جانا چاہتے ہیں،ڈاکٹرعاصم حسین

جمعہ 6 اکتوبر 2017 16:55

نواز شریف پاکستان کو توڑنا اور 200سال پیچھے لے جانا چاہتے ہیں،ڈاکٹرعاصم ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اکتوبر2017ء) پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے صدر ڈاکٹرعاصم حسین نے کہا ہے کہ نواز شریف پاکستان کو توڑنا اور 200سال پیچھے لے جانا چاہتے ہیں ۔جو لوگ کہتے تھے ڈاکٹر عاصم بھاگ جائے گا وہ دیکھ لیں میں واپس آگیا ہوں۔میری واپسی سے نیب والوں کا منہ کالا ہوگیاہے ۔میں نوازشریف کو بتانا چاہتا ہوں کہ ہم بھاگنے والوں میں سے نہیں۔

آپ اور آپ کا خاندان بھاگ جاتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے جمعہ کو لندن سے وطن واپسی پر کراچی ایئرپورٹ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ڈاکٹرعاصم حسین نے کہا کہ میں اپنے وطن پاکستان اور اپنے شہر کراچی واپس آگیا ہوں۔میرے بارے میں جو سیاسی رہنما اور نیب جیسے ادارے کہتے تھے کہ میں بھاگ جاؤں گا آج ان کا منہ کالا ہوگیا۔

(جاری ہے)

میں نوازشریف کو بتانا چاہتا ہوں کہ ہم بھاگنے والوں میں سے نہیں۔

آپ اور آپ کا خاندان بھاگ جاتا ہے جس طرح پہلے بھی شریف خاندان 10 سال بیرون ملک رہا تھا۔رہنما پیپلزپارٹی نے کہا کہ نوازشریف کے قول و فعل میں تضاد ہے یہ دوغلے لوگ ہیں اور پاکستان کو توڑنا چاہتے ہیں، اس ملک کو 200 سال پیچھے لے جانا چاہتے ہیں۔انہوںنے کہا کہ میں نے موجود حکمرانوں کو اپنے کانوں سے عسکری قیادت کو گالیاں دیتے سنا ہے۔عسکری قیادت نے خاموش رہ کر پیغام دیا ہے کہ ہم سیاست میں نہیں ہیں۔

سابق وزیراعظم نے تو عسکری قیادت کے ساتھ جنگ کا بیڑہ اٹھا رکھا ہے لیکن ہماری سیاست پاکستان کی بقا کے لیے ہے، ہم اپنی فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور پاکستان کے ایک ایک انچ کی حفاظت کریں گے، نوازشریف اس جنگ سے ہٹ جائیں تو بہتر ہوگا، پاکستان نوازشریف کا نہیں بلکہ 20 کروڑ عوام کا کا ہے، ہم نے اس ملک کو بنایا تھا اور ہم ہی اسے بچائیں گے۔انہوںنے کہا کہ موجودہ حکمران دوغلے ہیں اور ان کی پالیساں بھی دوغلی ہیں ۔نوازشریف گریٹر پنجاب بناناچاہتے ہیں ۔نوازشریف ملک میں پرانی نوابوں کی جاگیریں بحال کرناچاہتے ہیں ۔میاں صاحب آپ اس جنگ سے باز آجائیں ورنہ پیپلزپارٹی آپ کا برا حشر کرے گی۔نواز شریف زمین کا ایک ٹکڑا چاہتا ہے جہاں وہ اپنی بادشاہت چلا سکے۔