بھاگنے والوں میں سے نہیں، نوازشریف ملک توڑنا چاہتے ہیں۔ڈاکٹرعاصم حسین

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 6 اکتوبر 2017 16:04

بھاگنے والوں میں سے نہیں، نوازشریف ملک توڑنا چاہتے ہیں۔ڈاکٹرعاصم حسین
کراچی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔06 اکتوبر۔2017ء) پیپلز پارٹی راہنما ڈاکٹر عاصم حسین نے کہا ہے کہ ہم پاکستان سے بھاگنے والوں میں سے نہیں، جنہوں نے میرے خلاف جھوٹے مقدمات بنوائے وہ خود مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں۔مسلم لیگ(ن) ملک کوتوڑنے اور 200 سال پیچھے لے جانے کے ایجنڈے پر کام کررہی ہے،ہم نے پہلے بھی پاکستان بچایا ہے اب بھی پاکستان بچائیں گے، یہ ملک تمہارا نہیں 20 کروڑ عوام کا ہے۔

لندن سے واپسی پر کراچی ایئرپورٹ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ نواز کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دوغلے لوگ ہیں ان کے قول و فعل میں فرق ہے۔ڈاکٹر عاصم حسین نے کہا کہ جو کہتے تھے میں نہیں آﺅں وہ دیکھ لیںمیں آ گیا ہوں، ہماری سیاست پاکستان کی بقا کے لیے ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وہ عسکری قیادت کے ساتھ کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے تو عسکری قیادت کے ساتھ جنگ کا بیڑہ اٹھا رکھا ہے لیکن ہماری سیاست پاکستان کی بقا کے لیے ہے، ہم اپنی فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور پاکستان کے ایک ایک انچ کی حفاظت کریں گے، نوازشریف اس جنگ سے ہٹ جائیں تو بہتر ہوگا، پاکستان نوازشریف کا نہیں بلکہ 20 کروڑ عوام کا کا ہے، ہم نے اس ملک کو بنایا تھا اور ہم ہی اسے بچائیں گے۔

واضح رہے کہ سندھ ہائی کورٹ کے حکم کے بعد ڈاکٹر عاصم حسین کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ ( ای سی ایل) سے نکال دیا گیا تھا جس کے بعد وہ علاج کے سلسلے میں لندن گئے ہوئے تھے۔ڈاکٹر عاصم کو رینجرز نے دہشت گردوں کے علاج و معالجے کی سہولت کے الزام میں گرفتار کیا تھا جبکہ ان پر 479 ارب روپے کی کرپشن کا بھی الزام ہے جس میں ان کے خلاف نیب نے ریفرنس دائر کیا-