مقبوضہ کشمیر کی صورتحال انتہائی سنگین ہوچکی ، دوایٹمی طاقتوں کے درمیان محاذ آرائی جنوبی ایشاء کے امن کیلئے خطرہ ہے،پرویز اشرف

کشمیر ی عوام نے حق خوداردیت کے حصول کیلئے لاکھوں جانوں کی قربانیاں دی ،اقوام عالم کشمیری عوام کو حق خوداردیت دلوانے کیلئے کردار ادا کرے، صحافیوں سے گفتگو

جمعہ 6 اکتوبر 2017 16:08

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اکتوبر2017ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی راہنما وسابق وزیر حکومت چودھری پرویزاشرف نے کہاہے کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال انتہائی سنگین ہوچکی ہے ، دوایٹمی طاقتوں کے درمیان محاذ آرائی جنوبی ایشاء کے امن کیلئے خطرہ ہے ۔ کشمیر ی عوام نے حق خوداردیت کے حصول کیلئے لاکھوں جانوں کی قربانیاں دی ہیں۔

اقوام عالم کشمیری کے عوام کو حق خوداردیت دلوانے کیلئے اپنا کردار اداکریں اورمقبوضہ کشمیرمیں مضر اورممنوع ہتھیاروں اور لائن آف کنٹرول پرجارحیت کانوٹس لے ۔گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہندوستان نے فوج کو آزادکشمیر کے اندر داخل ہوکر کارروائیاں کرنے کی جوہدایت کی قابل مذمت اور تشویشناک عمل ہے ، جنگجوئوں کے نام پر کشمیرکے دونوں اطراف میں کشمیریوں کا جینا محال کردیاہے ، ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں نہتے مسلمانوں پر ظلم وستم کے پہاڑ توڑ رہاہے ۔

(جاری ہے)

کشمیری مائوں بہنوں کی عصمت دری کی جارہی ہے۔ بھارتی قابض فورسز نے اگر آزادکشمیر میں جنگجوئوں کے نام پر کارروائیاں شروع کی تومہنگی پڑیں گی ۔ آزادکشمیر کے عوام افواج پاکستان کی پیٹھ پر کھڑے ہیں۔ کشمیری قوم کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریگی ۔ ہندوستان نے کشمیریوں کو اسلحہ اٹھانے پر مجبور کرکے مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی کی ایک نئی راہ ہموار کی ہے ۔

چودھری پرویز اشرف کاکہناتھا کہ افواج پاکستان اورکشمیری عوام ہندوستان کی افواج کی جانب سے گرم تعاقب جیسی جنگی کارروائیوں کابھرپور جواب دینگے ۔ اور مقبوضہ کشمیرمیں ہونیوالے مظالم کودبانے نہیں دینگے بلکہ خطہ کو پرامن بنانے کیلئے ہرمحاذ پر جنگ لڑیں گے ۔انہوں نے اقوام عالم سے مطالبہ کیاہے کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانیت کیساتھ ہونیوالے مظالم رکوائے جائیں۔