احتجاج کی کال پر مقبوضہ کشمیر میں حریت کانفرنس کے خلاف کریک ڈاﺅن

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 6 اکتوبر 2017 16:10

احتجاج کی کال پر مقبوضہ کشمیر میں حریت کانفرنس کے خلاف کریک ڈاﺅن
سری نگر (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔06 اکتوبر۔2017ء) مقبوضہ کشمیر میں خواتین کے بال کاٹنے کے واقعات کے خلاف احتجاج کی کال دینے پر قابض بھارتی فوج نے حریت کانفرنس کی قیادت کو گھروں میں نظر بندکردیا ہے جبکہ سری نگر کے 7تھانوں کی حدود میں کرفیو جیسی پابندیاں عائدکردی گئی ہیں اور احتجاجی مظاہرے کی کال دینے پر حریت رہنما یاسین ملک کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

احتجاج سے خوفزدہ قابض بھارتی حکومت نے خواتین کی چوٹی کاٹنے کے واقعات کے خلاف احتجاج کی کال دینے پر کشمیری راہنماﺅں کے خلاف کریک ڈاﺅن کیا اور یاسین ملک کو آج صبح ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کرلیا گیا جبکہ دیگر حریت راہنماﺅں کو گھروں میں نظر بند کردیا گیا۔دوسری جانب قابض انتظامیہ نے سری نگر کے سات تھانوں کی حدود میں کرفیو جیسی پابندیاں بھی عائد کردیں۔واضح رہے کہ مقبوضہ وادی میں خواتین کو ہراساں کرنے کے بڑھتے ہوئے واقعات پر سید علی گیلانی ، میرواعظ اور دیگر حریت راہنماﺅں نے آج احتجاج کی کال دی ہے۔