ٹرمپ نے ایران کے ساتھ ایٹمی معاہدے کی توثیق واپس لینے کا منصوبہ بنالیا،امریکی اخبار کا دعویٰ

امریکی صدر ایران کے ساتھ ایٹمی معاہدے کی توثیق واپس لینے کا اعلان بارہ اکتوبر کو اپنی تقریر میں کریں گے،2015 کے ایٹمی معاہدے کو امریکی مفادات کے خلاف قراردیں گے،واشنگٹن پوسٹ

جمعہ 6 اکتوبر 2017 16:04

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 اکتوبر2017ء) امریکی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی صدر نے ایران کے ساتھ ایٹمی معاہدے کی توثیق واپس لینے کا منصوبہ بنایا ہے اور باضابطہ اعلان آئندہ ہفتے کریں گے،ٹرمپ ایٹمی معاہدے کا معاملہ واپس کانگریس کو بھیجیں گے۔امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے وائٹ ہائوس حکام کے ساتھ گفتگو کی تفصیل شائع کی ہے اور دعوی کیا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے ساتھ ایٹمی معاہدے کی توثیق واپس لینے کا اعلان بارہ اکتوبر کو اپنی تقریر میں کریں گے۔

(جاری ہے)

دو ہزار پندرہ کے ایٹمی معاہدے کو امریکی مفادات کے خلاف قراردیں گے۔ وائٹ ہائوس کی ایران سے متعلق بریفنگ میں شرکت کرنیوالے حکام نے اخبار کو بتایا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے ایٹمی معاہدے کی توثیق واپس لینے کے اعلان سے تہران پر ایک مرتبہ پھر امریکی پابندیاں لاگو ہوسکتی ہیں۔ایران اور چھ عالمی طاقتوں کے درمیان ایٹمی معاہدہ دو ہزار پندرہ میں ہوا تھا تاحال ایران اس پر عملدرآمد کررہا ہے لیکن امریکی صدر اسے ختم کرنا چاہتے ہیں۔ کہتے ہیں کہ وہ توثیق واپس لینے کے بعد ایران کا ایٹمی معاملہ واپس کانگریس کو بھیجیں گے۔