وزیرآباد، 25ہزار روپے کے عوض 40روزہ موٹر سائیکل سکیم متعارف کرادی

جمعہ 6 اکتوبر 2017 01:27

وزیرآبادا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 اکتوبر2017ء) وزیرآباد میں ڈبل شاہ کی باقیات پھر متحرک۔25ہزار روپے کے عوض 40روزہ موٹر سائیکل سکیم متعارف کرادی۔ موٹر سائیکلوں کے نکاس میں ریکارڈ اضافہ۔ درجنوں ایجنٹ متحرک۔تحصیل بھر میں کام عروج پر۔ تفصیلات کے مطابق ڈبل شاہ کی وفات کے بعد کچھ سال خاموشی رہی۔بعد ازاں اس کے خاموش ایجنٹ نئی سکیم کے ساتھ پھر متحرک ہو گئے۔

درجنوں ایجنٹ تحصیل بھر میں موجود ہیں۔نئی سکیم کے تحت 25ہزار روپے جمع کرانے پر 40روز کے بعد نیا موٹر سائیکل دیا جاتا ہے ۔ اس سلسلہ میں موٹر سائیکل بنانے والی چند کمپنیوں سے بھی رابطہ ہے جن کے موٹر سائیکلوں کے نکاس میں اضافہ ہو گیا ہے جو 500 موٹر سائیکل ماہانہ سے تجاوز کر گیا ہے۔اس سکیم کے تحت دیئے جانے والے موٹر سائیکلوں کو معیار بھی دیگر موٹر سائیکلوں سے کم ہے ۔

(جاری ہے)

ڈبل شاہ مرحوم کے ایجنٹ شہر ی اور دیہی حلقوں میں سر گرم ہیں جو ضرورتمندوں کو گھیر کر انہیںاپنی سکیم کے حوالے سے قائل کر تے ہیں۔قبل ازیں سید سبط الحسن شاہ عرف ڈبل شاہ نے دو ماہ میں رقم ڈبل کرنے کی سکیم دی تھی۔اس سکیم کے تحت اربوں روپے لوگوں نے جمع کرائے ۔ڈبل شاہ کی گرفتاری کے بعد لوگوں کی رقوم ڈوب گئیں اور وہ پائی پائی کے محتاج ہو گئے۔ حکومت جزوی طور پر ادائیگی کر سکی جبکہ اکثریت ابھی تک منتظر ہے۔رقوم ڈوب جانے کے بعد درجنوں مرد و خواتین صدمے کی وجہ سے انتقال کر گئے تھے۔عوامی سماجی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے حکومت فوری طور پر اس جانب توجہ دے اس سے پہلے کہ عوام کے بھاری رقوم ڈوب جائیں اور قیمتی جانیں ضائع ہو جائیں۔ 05-10-17/--