صوابی، ایکشن کمیٹی و اصلاحی جرگہ کا مانیری بالا میں ہونیوالے ماں بیٹے کے قاتل میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتارکرنیکا مطالبہ

جمعرات 5 اکتوبر 2017 23:35

صوابی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 05 اکتوبر2017ء) ایکشن کمیٹی ،اصلاحی جرگہ اور سماجی تنظیموں نے مانیری بالا میں ماں بیٹے کی المناک قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے صوبائی حکومت آئی جی پی ،ڈی پی او صوابی اور دیگر حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ بے گناہ مقتولین کے سفاک قاتلوں کو جلد از جلد گرفتار کرکے بروقت تفتیش اور ملزمان کے ساتھ کسی قسم کی نرمی نہ برتی جائے بلکہ ملزمان کو ملک بدر کرکے ان کی جملہ املاک کو ضبط کیا جائے ،اس سلسلے میں حجرہ تاج زمین خان ،حجرہ شیرعلی خان ،مظفر خان اور حجرہ زرنیس خان لختے بانڈہ میں انجمن خیرخواہ شگئی کے زیراہتمام الگ الگ جرگوں کا اہتمام کیا گیا جس سے امتیاز خان ،شیرعلی خان ،شکیل داد ،رحم زیب اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان ذیشان اور ان کی والدہ کی وحشیانہ اور ظالمانہ قتل پر مانیری بالا کے لوگ انتہائی غمزدہ ہیں ہر آنکھ اشکبار ہے ،پورے گائوں کے لوگوں میں غم و غصہ پایا جاتا ہے ، اجلاس میں اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ظالموں کے ساتھ کسی قسم کی ہمدردی اور روابط نہ رکھنے کا اعادہ کیا ،بعدازاں امتیاز خان کی قیادت میں وفد نے ڈی پی او صوابی ،ڈی ایس پی اور ایس ایچ او صوابی کے ساتھ ملاقات کی اور متعلقہ افسران سے ملزموں کی جلد گرفتاری اور بروقت تفتیش کا مطالبہ کیا جس پر پولیس حکام نے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ،اجلاس میں ایکشن کمیٹی کے قیام کا بھی فیصلہ کیا تاکہ علاقے میں جرائم کی روک تھام ہوسکے ۔

متعلقہ عنوان :