حکومت منصفانہ قانون کرایہ داری کا بل جلد پارلیمنٹ سے پاس کرائے، شیخ عامر وحید

تاجروں کے مفاد میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس سے تعاون جاری رکھیں گے، اجمل بلوچ

جمعرات 5 اکتوبر 2017 20:21

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اکتوبر2017ء) مرکزی انجمن تاجراں پاکستان اور ٹریڈرزایکشن کمیٹی اسلام آبا د کے صدر اجمل بلوچ نے ایک وفد کے ہمراہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور چیمبر کے نومنتخب صدر شیخ عامر وحید، سینئر نائب صدر محمد نوید ملک اور نائب صدر نثار احمد مرزا کوعہدوں کا چارج سنبھالنے پر مبارک باد پیش کی۔

فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر زبیر احمد ملک، خالد چوہدری، ارشد عباسی، اختر عباسی، اشفاق چھٹہ، چوہدری اشرف فرزند، سید عادل انیس، فہیم خان، سعید بھٹی اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں قانون کرایہ داری نہ ہونے کی وجہ سے تاجر برادری میں عدم تحفظ کا احساس پایا جاتا ہے لہذا ایک حکومت منصفانہ قانون کرایہ داری کا بل جلد پارلیمنٹ سے پاس کرائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی سے بھی التماس کی وہ اس صورتحال کانوٹس لیں اور پارلیمنٹ میں زیر التوا قانون کرایہ داری کے بل کو جلد پاس کرانے میں اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد کے تاجروں کے سب سے زیادہ مسائل کا تعلق سی ڈی اے سے ہے اور انشاء اللہ سی ڈی اے کے چیئرمین و مئیر اسلام آباد شیخ انصر عزیز سے ملاقات کر کے مسائل حل کرانے کی کوشش کریں گے۔

انہوں نے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ تاجربرادی کے مسائل کو بہتر طور پر حل کرنے کیلئے چیمبر اور ٹریڈرز ایکشن کمیٹی کا باہمی تعاون جاری رہے گا۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد نوید ملک اور نائب صدر نثار احمد مرزا نے اپنے خطاب میں کہا کہ مارکیٹوں میں ترقیاتی کاموں کی صورتحال تسلی بخش نہیں ہے جس سے کاروباری سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں لہذا چیمبر ٹریڈرز ایکشن کمیٹی کے ساتھ مل کر مارکیٹوں کی بہتر ترقی پر توجہ دے گا۔

مرکزی انجمن تاجراں پاکستان اور ٹریڈرز ایکشن کمیٹی اسلام آباد کے صدر اجمل بلوچ نے اپنے خطاب میں اس امید کا اظہار کہا کہ چیمبر کے نومنتخب عہدیداران وفاقی دارالحکومت کی تاجر برادری کے مسائل حل کرانے میں فعال کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہا کیا کہ ٹریڈرز ایکشن کمیٹی اور مختلف مارکیٹوں کے عہدیداران چیمبر کے بازو بن کر کام کریں گے اور مسائل حل کرانے میں ہر ممکن تعاون کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سی ڈی اے کی عدم توجہ کی وجہ سے اسلام آباد کی مارکیٹیں کھنڈرات میں تبدیل ہو رہی ہیں کیونکہ نہ تو سی ڈی اے کام کرتی ہے اور نہ ہی اسلام آباد میٹروپولیٹن کارپوریشن۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے کے موجودہ چیئرمین تاجر برادری سے تعلق رکھتے ہیں اور ہم انہیں مضبوط بنانا چاہتے ہیں لیکن بیوروکریسی حائل ہے۔ امید ہے چیمبر مسائل کے حل میں اپنا کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ قانون کرایہ داری کی عدم موجودگی سے تاجر پریشان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ممبران قومی اسمبلی میاں عبدالمنان اور اسد عمر نے قانون کرایہ داری کا ترمیمی بل اسمبلی میں جمع کرا رکھا ہے لہذا چیمبر کے عہدیداران مذکورہ بل کے نفاذ کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق سینئر نائب صدر اور ٹریڈرز ایکشن کمیٹی اسلام آباد کے سیکرٹری خالد چوہدری نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے تاجر برادری کے مفادات کے تحفظ کی کوششوں میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔