حکومت پنجاب جدید مشینی زراعت کے فروغ کیلئے 72اعلیٰ ٹیکنالوجی کے حامل زرعی مشینری سروس سنٹرز قائم کر رہی ہے‘ ملک اقبال چنٹر

جمعرات 5 اکتوبر 2017 20:01

حکومت پنجاب جدید مشینی زراعت کے فروغ کیلئے 72اعلیٰ ٹیکنالوجی کے حامل ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اکتوبر2017ء) صوبائی وزیر امداد باہمی ملک محمد اقبال چنڑ نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب صوبہ بھر میں جدید مشینی زراعت کے فروغ کے لئے 72اعلیٰ ٹیکنالوجی کے حامل زرعی مشینری سروس سنٹرز قائم کر رہی ہے جس پر حکومت پنجاب اربوں روپے کی سبسڈی فراہم کر ے گی۔ انہوں نے اپنے کیمپ آفس میں مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سے ملا قات میں کہا کہ یہ زرعی مشینری سروس سنٹرز نجی شعبے کے اشتراک سے مرحلہ وار تمام اضلاع میں قائم کئے جائیں گے جبکہ پہلے مرحلے میں یہ سروس سنٹرز پنجاب کے 18اضلاع میں قائم کئے جائیں گے جن میں جنوبی پنجاب کے اضلاع بہاول نگر، رحیم یار خاں، وہاڑی، بہاول پور، خانیوال، مظفر گڑھ، لودھراں، ملتان اور ڈی جی خاں شامل ہیں۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہا کہ خادم پنجاب شہباز شریف کسان پیکج کے تحت یہ مراکز جدید ٹیکنالوجی کو فروغ دے کر کھیتوں کی پیداواری صلاحیت کو بڑھانے میں مددگار ثابت ہوں گے جو پنجاب کے کروڑوں کاشتکاروں کی معاشی ترقی کا باعث بنیںگے۔ حکومت پنجاب رواں مالی سال کے دوران صوبے میں تعمیر و ترقی کے لیی635ارب روپے کے خطیر فنڈز خرچ کررہی ہے۔ حکومت پنجاب نے ایسے ایسے انقلابی اقدامات کیے ہیں جس سے امیر اور غریب کے درمیان خلیج کم ہورہی ہے ۔

امیر اور غریب کے لیے الگ الگ تعلیم اور الگ الگ صحت کی سہولیات کے کلچر کو بدلنے کی جانب تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت عوام کے دکھوں کو خوشیوں میں بدلنے اور ملک کو فلاحی ریاست بنانے کے لیے دل و جان سے جدوجہد کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں غریبوں کو مفت ادویات دی جارہی ہیں جو غریب اور مستحق لوگ استعمال کررہے ہیں۔ یہ اس پاکستان کی جانب پیش قدمی ہے جس کا خواب قائد اعظم اور علامہ اقبال نے دیکھا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے ہم سب کو مل کر اجتماعی کوششیں کرنا ہوگی۔