وزیر خارجہ خواجہ آصف کے دورہ امریکا سے دونوں ملکوں کے درمیان افہام و تفہیم اور تعاون کا راستہ ہموار ہوگا

آئی ایس آئی اور دہشت گرد وں کے درمیان رابطوں سے متعلق امریکی جنرل ڈن فورڈ کے بے بنیاد بیان کو مسترد کرتے ہیں بھارت دہشت گرد سرگرمیوں سے سی پیک منصوبے کو سبو تاژ کرنا چاہتا ہے کنٹرول لائن اور ورکنگ باونڈری پر بھارت کی جانب سے سیز فائر کی مسلسل خلاف ورزیاں باعث تشویش ہیں، اقوام متحدہ بھارتی سرگرمیوں اور دھمکیوں کا نوٹس لے،ترجمان دفتر خارجہ

جمعرات 5 اکتوبر 2017 19:57

وزیر خارجہ خواجہ آصف کے دورہ امریکا سے دونوں ملکوں کے درمیان افہام ..
اسلام آباد۔05اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اکتوبر2017ء) وزیر خارجہ خواجہ آصف کے دورہ امریکا سے دونوں ملکوں کے درمیان افہام و تفہیم اور تعاون کا راستہ ہموار ہوگا، بھارت دہشت گرد سرگرمیوں سے سی پیک منصوبے کو سبو تاژ کرنا چاہتا ہے، پاکستان کے حوالے سے بھارت کی پالیسی کبھی بھی دوستانہ نہیں رہی، بھارت نے ترقیاتی منصوبوں کی آڑ میں افغانستان میں دہشت گردوں کے محفوظ ٹھکانے قائم کئے ہیں۔

کنٹرول لائن اور ورکنگ باونڈری پر بھارت کی جانب سے سیز فائر کی مسلسل خلاف ورزیاں باعث تشویش ہیں، اقوام متحدہ بھارتی سرگرمیوں اور دھمکیوں کا نوٹس لے۔ہماری مسلح افواج ملکی دفاع اور دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کیلئے مکمل طور پرتیار ہیں۔دفتر خارجہ کے ترجمان محمد نفیس زکریا نے جمعرات کو ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران صحافیوں کے مختلف سوالوں کا جواب دیتے ہوئے آئی ایس آئی اور دہشت گرد وں کے درمیان رابطوں سے متعلق امریکی جنرل ڈن فورڈ کے بیان کو مسترد کیا اور کہا کہ امریکی جنرل کا بیان بے بنیاد ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان نے کامیاب آپریشنز کے زریعے دہشت گرد تنظیموں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں دہشت گرد گروپوں سے متعلق پاکستان کی پالیسی پر سابق امریکی وزیر خارجہ ہلیری کنٹن کا بیان ریکارڈ کا حصہ ہے۔افغانستان میں ناکامی کیلئے پاکستان کو ذمہ دار نہں ٹھہرایا جاسکتا۔ترجمان نے کہا کہ بھارت افغانستان میں ٹی ٹی پی ،جماعت الاحرار اور دیگر دہشت گرد تنظیموں کو پاکستان کے خلاف استعمال کر رہا ہے،خود بھارت کی سول سوسائٹی نے بھی نئی دہلی کی جانب سے دہشت گرد تنظیموں کو اپنا اثاثہ قرار دینے کا اعتراف کیا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں اپنے جرائم، مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر پردہ ڈالنے اور عالمی برادری کی توجہ ہٹانے کیلئے پاکستان پر بے بنیاد الزامات عائد کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہونے کا دعویدار ملک مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور بیگناہ کشمیریوں کے قتل عام میں ملوث ہے۔

ترجمان نے کہا کہ انسانی حقوق کی تنظیموںاور او آئی سی نے مقبوضہ کشمیر میں فیکٹ فائنڈنگ ٹیم بھیجنے کی درخواست کی ہے لیکن بھارت اجازت دینے سے مسلسل انکار کر رہا ہے۔ترجمان نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ عالمی برادری بھارتی مظالم کا نوٹس لیں۔پاک امریکا تعلقات سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ وزیر خارجہ خواجہ آصف کا حالیہ دورہ امریکا انتہائی اہمیت کا حامل ہے، اس سے دونوں ملکوں کے درمیان بہتر افہام و تفہیم اور تعاون کا راستہ ہموار ہوگا۔