آزادکشمیر حکومت عوامی مسائل حل کرنے میں ناکام ہوچکی ہے ،چودھری پرویز اشرف

گڈ گورننس کادعویٰ کرنیوالے 22ارب کا بجٹ حاصل کرنے کے باوجود عوام کیلئے کچھ نہ کرسکے ، (ن )لیگ کاایک سالہ دور مایوسی ، انتقام، اقرباء پروری ، رشوت ، سفارش کی نظر ہوگیا، نوازشریف کی طرح وزیراعظم آزادکشمیر کے جانے کا وقت بھی قریب ہے، سینئر نائب صدر پیپلزپارٹی آزاد کشمیر

جمعرات 5 اکتوبر 2017 15:27

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اکتوبر2017ء) پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے سینئر نائب صدر وسابق وزیرحکومت چودھری پرویز اشرف نے کہاہے کہ آزادکشمیر حکومت عوامی مسائل حل کرنے میں ناکام ہوچکی ہے ، گڈ گورننس کادعویٰ کرنیوالے 22ارب کا بجٹ حاصل کرنے کے باوجود عوام کیلئے کچھ نہ کرسکے ، ن لیگ کاایک سالہ دور مایوسی ، انتقام، اقرباء پروری ، رشوت ، سفارش کی نظر ہوگیا، نوازشریف کی طرح وزیراعظم آزادکشمیر کے جانے کا وقت بھی قریب ہے ، ان خیالات کااظہار چودھری پرویز اشرف نے پارٹی کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان سے نوازشریف کے اقتدار کاخاتمہ سے کرپشن ، رشوت ، سفارش کو لگام ڈالی گئی ، آزادکشمیر سے کرپشن کے خاتمہ کیلئے موجودہ سیٹ اپ کاخاتمہ وقت کاتقاضاہے ، میرٹ کے نام پر پڑھے لکھے نوجوانوں کے حقوق پر ڈاکہ زنی جاری ہے ، وزیراعظم انفراسٹریکچر پروگرام بھمبر سے نیلم تک لیگی متوالوں کے پیٹ کی آگ بجھانے پر لگایاگیا، 20 فیصد فنڈز سے ناقص میٹریل لگاکر قومی نوعیت کے منصوبے تباہ کیئے گئے انہوں نے کہاکہ وزیراعظم انفراسٹریکچر پروگرام کے تحت بننے والی سڑکیں آج ہی کھنڈرات کامنظر پیش کرنے لگیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ بھارت میں شدید تشدد کی لہر کے باوجود موجودہ حکومت صرف بیان بازی تک محدود ہے جو قابل افسوس بات ہے انہوں نے کہاکہ نوازشریف نے پاکستان کی طرح آزادکشمیر میں اپنا سکاجمانے کیلئے آزاد خطہ کی حکومت کابجٹ تودوگناہ کیا باوجود اس کے آج آزادکشمیر کے عوام گزشتہ ایک سال سے مایوسی کے الم میں مبتلاء ہیں۔میرٹ کاڈھنڈورہ پیٹنے والوں نے میرٹ کاجنازہ نکال دیاہے ۔

صوابدیدی عہدوں سے لیکر انتظامیہ تعیناتیوں تک عوام نے میرٹ دیکھ لیاہے ۔ انہوں نے کہاکہ نوازشریف کے جانے سے پاکستان میں کرپشن کرنیوالوں پر خطرے کی تلوار لٹک چکی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ آزاد خطہ میں بھی کرپشن کادور، دورہ ہے ۔ موجودہ کرپٹ معاشرے کے خاتمہ کیلئے ن لیگ کاخاتمہ وقت کاتقاضاہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی غریب عوام کی جماعت ہے ۔ انشاء اللہ آنیوالے الیکشن میں پاکستان وآزادکشمیر میں بھاری مینڈیٹ لیکرکامیابی حاصل کرینگے ۔