ادارے ہمارے اپنے ہیں‘ ان کے ساتھ محاذ آرائی نہیں ہونی چاہیے‘ انتخابات بل میں ختم نبوت کے حوالے سے ہونے والی ترمیم میں غلطی کے ذمہ داروں کو سزا ملنی چاہیے

سابق وزیراعظم میر ظفر اللہ خان جمالی کا قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر اظہار خیال

جمعرات 5 اکتوبر 2017 14:53

ادارے ہمارے اپنے ہیں‘ ان کے ساتھ محاذ آرائی نہیں ہونی چاہیے‘ انتخابات ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اکتوبر2017ء) سابق وزیراعظم میر ظفر اللہ خان جمالی نے کہا ہے کہ ادارے ہمارے اپنے ہیں‘ ان کے ساتھ کسی قسم کی محاذ آرائی نہیں ہونی چاہیے‘ حکومت اور اداروں کا کام کرنے کا اپنا اپنا طریقہ ہوتا ہے‘ انتخابات بل 2017ء میں ختم نبوت کے حوالے سے ہونے والی ترمیم میں غلطی کے ذمہ داروں کو سزا ملنی چاہیے۔

(جاری ہے)

جمعرات کو قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر سابق وزیراعظم میر ظفر اللہ جمالی نے کہا کہ جب سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے خلاف عدالتی فیصلہ آیا تو میں نے مشورہ دیا تھا کہ عدالت میں جانے کی بجائے الیکشن میں جائیں اور جیت کر دوبارہ اسمبلی میں آئیں اور میرا مشورہ مان لیا گیا، یہ صرف سپیکر کے عہدے کی تقریم کے لئے کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ جب مشرقی پاکستان سب سے بڑا صوبہ تھا تو اسے کس نے خراب کیا۔

اداروں کو کسی صورت نہ چھیڑا جائے‘ اداروں کا اپنا طریقہ کار ہوتا ہے، اداروں کے ساتھ مل کر چلیں۔ انہوں نے کہا کہ ختم نبوت کے حوالے سے بل میں غلطی کرنے والوں کو سزا دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ڈان لیکس پر سزا ملتی ہے تو یہاں کیوں نہیں۔ شہباز شریف نے بھی کہہ دیا ہے کہ ختم نبوت کے معاملے میں ذمہ دار کو سزا ملنی چاہیے۔