پاکستان اور افغانستان ایک دوسرے کیلئے لازم و ملزوم ہیں، حامد کرزئی

کبھی نہیں کہا کہ پاکستان کے خلاف ملٹری ایکشن ہونا چاہیے،دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے بھاری جانی و مالی نقصان اٹھایا، خطے میں امنکیلئے اسلام آباد کی کوششیں قابل تعریف ہیں،کابل سے متعلق امریکا کی نئی پالیسی میں خطے کیلئے لڑائی اور خونریزی کا پیغام ہے،سابق افغان صدر کا انٹرویو

جمعرات 5 اکتوبر 2017 13:38

پاکستان اور افغانستان ایک دوسرے کیلئے لازم و ملزوم ہیں، حامد کرزئی
کابل/لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 05 اکتوبر2017ء) افغانستان کے سابق صدر حامد کرزئی نے کہاہے کہ پاکستان اور افغانستان ایک دوسرے کیلئے لازم و ملزوم ہیں، کابل سے متعلق امریکا کی نئی پالیسی میں خطے کیلئے لڑائی اور خونریزی کا پیغام ہے۔کابل میں برطانوی نشریاتی ادارے کو دیئے گئے انٹرویو میں حامد کرزئی کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے بھاری جانی و مالی نقصان اٹھایا۔

خطے میں امن کے لئے اسلام آباد کی کوششیں قابل تعریف ہیں۔ امریکا سے متعلق سوال پر سابق افغان کا کہنا تھا،انہیں یقین ہے کہ امریکا کی اس سیاست میں خطے کے خلاف کوئی سازش یا کوئی حکمت عملی ہے۔کرزئی نے کہا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی نئی پالیسی میں افغانستان اور خطے کے لیے امن اور امید کا کوئی پیغام نہیں کیونکہ اس میں بات چیت اور قیام امن کی کوئی بات ہی نہیں ہے۔

(جاری ہے)

ایک سوال پر حامد کرزئی نے کہا کہ انہوں نے کبھی نہیں کہا کہ پاکستان کے خلاف ملٹری ایکشن ہونا چاہیے۔ پاکستانی فوج کے سربراہ کے حالیہ دورہ افغانستان پر تبصرہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا۔ انہیں امید ہے کہ یہ دورہ قیام امن کے لیے اہم اور مثبت ثابت ہو گا اور وہ اسے اسی نگاہ سے دیکھنے کی کوشش کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور افغانستان ایک دوسرے کے لیے لازم و ملزوم اور جڑے ہوئے بھائی ہیں۔