پاکستان اپنی یونیورسٹیوں میں یمن کے طلباء کو ترجیحی بنیادوں پر اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کرے گا

ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن سرتاج عزیز کی یمن کے سفیر مطہّر الاشعبی سے گفتگو

جمعرات 5 اکتوبر 2017 13:03

پاکستان اپنی یونیورسٹیوں میں یمن کے طلباء کو ترجیحی بنیادوں پر اعلیٰ ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اکتوبر2017ء) ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن سرتاج عزیز نے کہاہے کہ پاکستان اور یمن مذہبی اور ثقافتی رشتوں میں جڑے ہوئے ہیں، پاکستان یمن کے حالات پر نظر رکھے ہوئے ہے، پاکستان اپنی یونیورسٹیوں میں یمن کے طلباء کو ترجیحی بنیادوں پر اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے جمعرات کو پاکستان میں یمن کے سفیر مطہّر الاشعبی سے ملاقات کے دوران کہی۔

ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات، یمن کی صورتحال اور دونوں ملکوں کے ماببن تعاون پر بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن نے کہاکہ یمن اور پاکستان کے مابین تعلیم اور ثقافت کے شعبوں میں ایکسچیج پروگرامز کے حوالے سے تجاویز پر غور کررہا ہے۔

(جاری ہے)

ملاقات میں پاکستان اور یمن کی جانب سے تعلیم اور ثقافت کے حوالے سے زیر غور منصوبوں کو جلد حتمی شکل دینے پر اتفاق کیا گیا ۔

انہوںنے کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان تعلیم، سماجی شعبے اور ثقافت کے شعبوں میں ماہرین کے وفود کی سطح تبادلہ کرنے سے دوطرفہ تجربات سے استفادہ اور استعداد کار میں بہتری آئے گی، تعلیم اور ثقافت کے شعبوں میں ایکسچینج پروگرامز کے اجراء سے دونوں ممالک کے عوام کو مزید قریب آنے کے بہتر مواقع میسر آئیںگے۔ یمنی سفیر مطہّر الشعبی نے کہاکہ یمن پاکستان کی جانب سے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، پاکستان نے ہمیشہ یمن کی مشکلات کا ادراک کیا اور یمنی عوام کا ساتھ دیا، پاکستان میں ترقی کی بہتر رفتار اور نئے منصوبوں کا اجراء نہایت خوش آئند ہے، پاکستان میں ترقی کے عمل سے خطے اور مشرق وسطی پر مثبت اثرات ہونگے، چاہتے ہیں کہ پاکستان کے ساتھ پہلے سے موجود ثقافتی رشتے مزید مستحکم ہوں، پاکستان میں تعلیم کے شعبے میں ترقی اور بہتر مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔

یمن کے سفیر نے ڈپٹی چیئرمین سرتاج عزیز کو یمن کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔