گوگل کا 40 زبانوں میں فوری ترجمہ کرنے والا ہیڈفون لانچ کرنے کا اعلان

جمعرات 5 اکتوبر 2017 12:16

واشنگٹن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اکتوبر2017ء) امریکی شہر سان فرانسسکو میں ایک تقریب میں ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے ایسا ہیڈفون لانچ کرنے کا اعلان کیا ہے جو 40 زبانوں میں فوری ترجمہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ امریکی خبررساں ادارے کے مطابق ’’گوگل پکسل بڈز‘‘ کے نام سے موسوم یہ ہیڈفون متعارف کرواتے ہوئے سٹیج پر ایک خاتون اور مرد درمیان مکالمہ دکھایا گیا جس میں مرد انگریزی اور خاتون سویڈش زبان بول رہی تھیں۔

وائرلیس گوگل پکسل بڈز مرد کی انگریزی فوری طور پر سویڈش زبان میں ترجمہ کر کے خاتون کو سنا رہے تھے جبکہ خاتون کا سویڈش جواب ترجمہ ہو کر انگریزی میں سنائی دے رہا تھا۔ اس کے علاوہ گوگل نے پکسل فون 2 اور پکسل 2 ایکس ایل کا بھی اعلان کیا، جن میں بقول ادارے کے کسی بھی سمارٹ فون سے بہتر کیمرے نصب ہیں۔

(جاری ہے)

ان فونز کے کناروں کو دبا کر مصنوعی ذہانت والا گوگل اسسٹنٹ لانچ کیا جا سکتا ہے۔

سائنس فکشن میں ایسے آلات کا تصور پیش کیا گیا ہے جو کسی بھی زبان سے کسی دوسری زبان میں فوری ترجمہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں لیکن یہ پہلی بار ہے کہ کسی بڑی ٹیکنالوجی کمپنی نے ایسا کوئی آلہ متعارف کروایا ہے۔ یہ ہیڈفون گوگل ٹرانسلیٹ سروس کے ساتھ مل کر کام کرتا ہے جو پہلے ہی انٹرنیٹ پر خاصی مقبول ہے۔ کوئی صارف ہیڈفون کو دبا کر کہہ سکتا ہے کہ مجھے جرمن زبان میں گفتگو کرنی ہے جس کے بعد صارف انگریزی بولے تو گوگل پکسل فون کے سپیکر سے اس کا فوری جرمن ترجمہ سنائی دے گا۔

اس کے علاوہ یہ ہیڈفون گوگل پکسل فون کے ساتھ مل کر آواز کے ذریعے دیئے جانے والے احکامات پر بھی عمل کروا سکتا ہے جن میں فون کال کرنا، میسج بھیجنا، یا موسیقی چلانا وغیرہ شامل ہیں۔ اس آلے کی مدد سے ممکنہ طور پر زبان کی تفہیم کا مسئلہ حل ہو سکتا ہے اور کوئی بھی شخص کسی ایسے ملک میں جا کر مقامی لوگوں سے بات چیت کر سکتا ہے، چاہے اسے اس زبان کا ایک لفظ بھی نہ آتا ہو۔

متعلقہ عنوان :