نیب ایگزیکٹو بورڈ نے پنجاب یوتھ فیسٹیول فنڈز میں کرپشن پر انکوائری شروع کرنے کی منظوری دیدی

کسب کو بینک اسلامی میں ضم کرنے کے دوران قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچانے پر سٹیٹ بینک اور بینک اسلامی کے افسروں کے خلاف تحقیقات شروع کرنے کا فیصلہ متروکہ وقف املاک بورڈ کے سابق چیئرمین آصف ہاشمی اور عبدالولی خان یونیورسٹی مردان ڈاکٹر احسان کے خلاف کرپشن ریفرنس عدالت میں دائرکیاجائیگا، ، شواہد کی عدم دستیابی پر مختلف کرپشن شکایات پر سابق وزیراعظم پرویز اشرف سمیت دیگر افراد کے خلاف 6 انکوائریاں بند کردی گئیں نیب افسران کرپشن کی شکایات انکوائریوں اور تحقیقات میں میرٹ ، شفافیت اور قانون کی عمل داری کو یقینی بنائیں، قومی احتساب بیورو کے چیئرمین کا اجلاس سے خطاب

بدھ 4 اکتوبر 2017 22:01

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 04 اکتوبر2017ء) قومی احتساب بیورو(نیب) کے ایگزیکٹو بورڈ نے پنجاب یوتھ فیسٹیول فنڈز میں کرپشن پر انکوائری شروع کرنے کی منظوری دے دی جبکہ کسب کو بینک اسلامی میں ضم کرنے میں قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچانے پر سٹیٹ بینک اور بینک اسلامی کے افسروں کے خلاف تحقیقات شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، متروکہ وقف املاک بورڈ کے سابق چیئرمین سید آصف ہاشمی اور عبدالولی خان یونیورسٹی مردان ڈاکٹر احسان کے خلاف کرپشن ریفرنس عدالت میں دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، شواہد کی عدم دستیابی پر مختلف کرپشن شکایات پر سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف سمیت دیگر افراد کے خلاف 6 انکوائریاں بند کردی گئیں، چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری نے کہا ہے کہ نیب افسران کرپشن کی شکایات انکوائریوں اور تحقیقات میں میرٹ ، شفافیت اور قانون کی عمل داری کو یقینی بنائیں۔

(جاری ہے)

بدھ کو نیب کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس چیئرمین قمر زمان چوہدری کی زیر صدارت ہوا۔ نیب بورڈ نے 2کرپشن کیسوں کے ریفرنس عدالتوں میں دائر کرنے کی منظوری دی پہلا ریفرنس متروکہ وقف املاک بورڈ کے سابق چیئرمین سید آصف ہاشمی اور دیگر کے خلاف دائر ہوگا ۔ اس کیس میں ملزمان نے 777غیر قانونی بھرتیاں کیں جس سے قومی خزانے کو 77کروڑسے زائد کا نقصان پہنچایا ۔

دوسرا ریفرنس سابق وائس چانسلر یونیورسٹی آف پشاور عظمت حیات خان اور دیگر کے خلاف دائر ہوگا ۔ اس کیس میں ملزمان نے اختیارات کے ناجائز استعمال اور یونیورسٹی کے لئے زمین کی مہنگے داموں خریداری کر کے قومی خزانے خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا۔ نیب بورڈ نے کرپشن الزامات ثابت ہونے پر 4 انکوائریوں کو تحقیقات میں بدلنے کا فیصلہ کیا ہے ۔

آئیسکو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور دیگر کے خلاف غیر قانونی انویسٹمنٹ پر تحقیقات ہوں گی ۔اس کیس میں آئیسکو نے ٹرسٹ انویسٹمنٹ بینک میں غیر قانونی سرمایہ کاری کر کے قومی خزانے کو 127ملین روپے کا نقصان پہنچایا ۔کسب بینک کو غیر شفاف انداز میں بینک اسلامی میں ضم کرنے اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر بینک اسلامی اور سٹیٹ بینک آف پاکستان کے افسروں کے خلاف تحقیقات ہوں گی ۔

کسب بینک کو ضم کرنے کیلئے رہائتی نرخوں پر 20ارب روپے کا قرض لیا گیا جس سے قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان ہوا ۔ عبدالولی خان یونیورسٹی مردان کے وائس چانسلر ڈاکٹر احسان کے خلاف اختیارات کے ناجائز استعمال اور فنڈز میں خرد برد پر تحقیقات ہوں گی ۔ڈاکٹر احسان علی اور دیگر نے قومی خزانے کو 410ارب روپے کا نقصان پہنچایا ۔ نیب بورڈ نے کرپشن شکایات پر تین انکوائریاں شروع کرنے کی منظوری دی ہے ۔

رکن سندھ اسمبلی نواب تیمور تالپور کے خلاف انکم سے زائد اثاثے بنانے پر انکوائری ہوگی ۔ حیدر آباد اور کراچی میں انڈس موٹر کمپنی کے ڈیلروں کی طرف سے ٹیوٹا گاڑیوں کی بکنگ میں عوام سے فراڈ پر انکوائری ہوگی ۔ ان ڈیلروں نے قومی خزانے کو 250ملین روپے کا نقصان پہنچایا ۔ پنجاب یوتھ فیسٹیول کے فنڈز میں خرد برد پر پنجاب سپورٹس بورڈ کے افسروں کے خلاف انکوائری ہوگی ۔

نیب بورڈ نے تین انکوائریوں کو ازسر نو شروع کرنے کی منظوری دی ۔ نیب بورڈ نے شواہد کی عدم دستیابی پر6انکوئریاں بند کرنے کی منظوری دی ہے ۔ جن افراد کے خلاف انکوائریاں بند ہوں گی ان میں سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف ، گورنمنٹ امپلائز ہائوسنگ فائونڈیشن کی انتظامیہ ، محمد علی ملکانی ، شفقت شاہ شیرازی ، اعجاز شاہ شیرازی ، بشیر دائود اور مریم دائود شامل ہیں ۔ بورڈ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری نے کہا کہ نیب ملک سے کرپشن کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے اور عدم برداشت کی پالیسی پر عمل پیرا ہے ۔ نیب افسران کرپشن کی شکایات انکوائریوں اور تحقیقات میں میرٹ ، شفافیت اور قانون کی عمل داری کو یقینی بنائیں ۔