شہاب الدین مارکیٹ منصوبے کو آئندہ سال مئی تک مکمل ،جلد الاٹیز کو بھی دکانوں کا قبضہ دیدیا جائیگا،وسیم اختر

بدھ 4 اکتوبر 2017 20:16

شہاب الدین مارکیٹ منصوبے کو آئندہ سال مئی تک مکمل ،جلد الاٹیز کو بھی ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اکتوبر2017ء) میئر کراچی وسیم اختر نے شہاب الدین مارکیٹ صدر سے منتقل کئے جانے والے دکانداروں کو فوری قبضہ دینے کے لئے محکمہ اسٹیٹ کو شیڈول تیار کرنے کی ہدایت کی ہے، منصوبے کو آئندہ سال مئی تک مکمل کرلیا جائے گا جبکہ جلد ہی الاٹیز کو بھی دکانوں کا قبضہ دے دیا جائیگا جہاں شہریوں کو مارکیٹ کے ساتھ پارکنگ پلازہ کی بھی سہولت حاصل ہوگی، اس بات کا فیصلہ میئرکراچی وسیم اختر کی زیر صدارت ہونے والے ایک اجلاس میں کیا گیا جس میں چیئرمین فنانس کمیٹی ندیم ہدایت ہاشمی، چیئرمین اسٹیٹ کمیٹی ناصر خان تیموری، چیئرمین ورکس کمیٹی حسن نقوی سمیت مشیر مالیات ڈاکٹر اصغر عباس، ڈائریکٹر ٹیکنیکل ایس ایم شکیب، ڈائریکٹر اسٹیٹ قیوم خان، ایس ایم طحہٰ اور ندیم صدیقی نے شرکت کی، اجلاس میں بتایا گیا کہ شہاب الدین مارکیٹ صدر کا تعمیراتی کام سیلف فنانسنگ کی بنیاد پر تقریباً 92 کروڑ روپے کی لاگت سے آئندہ سال مئی تک مکمل ہوگا ،شہاب الدین مارکیٹ میں تقریباً 450 دکانیں تعمیر کی گئی ہیں جس میں 267 کی بکنگ ہوچکی ہے، شہاب الدین مارکیٹ 8 منزلوں پر مشتمل ہے جس میں نیچے کی تین منزلوں میں دکانیں جبکہ اوپر کی پانچ منزلو ںمیں پارکنگ فراہم کی گئی ہے جہاں ایک وقت میں تقریباً 600 گاڑیاں پارک کرنے کی گنجائش موجود ہوگی، اجلاس کو بتایا گیا کہ محکمہ اسٹیٹ کی جانب سے شیڈول جاری ہوتے ہی یہاں منتقل ہونے والے دکانداروں کو دکانوں کا قبضہ دے دیا جائے گا، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ تعمیراتی کام کو بہت توجہ کے ساتھ آگے بڑھایا جائے اور تعمیراتی کام میں معیار کو اولیت دی جائے ۔

(جاری ہے)

اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ تمام تر تعمیراتی کام میں معیار کو اولیت دی جائے انہوں نے کہا کہ ماضی میں جن وجوہات کے باعث شہاب الدین مارکیٹ کے تعمیراتی کاموں میں تعطل پیدا ہوا اب اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ یہ تعطل دوبارہ پیدا نہ ہوسکے اور منصوبے کو آئندہ سال مئی تک مکمل کرلیا جائے،انہوں نے ڈائریکٹر اسٹیٹ کو ہدایت کی کہ وہ شہاب الدین مارکیٹ میں منتقل ہونے والے دکانداروں کو دکانوں کا قبضہ دینے کے لئے شیڈول کی تیاری پر فوری طور پر کام شروع کردیں تاکہ جلد ہی منتقلین کو دکانیں حوالے کی جاسکیں، واضح رہے کہ شہاب الدین مارکیٹ صدر کی تعمیر کے کام کا آغاز 2008 ء میں سلیف فنانس کی بنیاد پر شروع ہوا تھا، تعمیر کے کام بعض وجوہات کی بناء پر تعطل آنے کے باعث منصوبے کی تعمیر کا کام عارضی طور پر رک گیا تھا، 2012 ء میں شہاب الدین مارکیٹ کے کام کو دوبارہ شروع کیا گیا اور آئندہ سال مئی 2018 ء میں اس منصوبے کو مکمل کرلیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :