پاکستان اور کینیڈا کے تاجروں کے مسلسل رابطوں سے باہمی تجارت بڑھ سکتی ہے، نوید بخاری

ہم پہلے کی طرح بھرپور اندازا میں فیڈریشن الیکشن لڑیں گے اور اپوزیشن کو بھاگنے نہیں دیں گے، ایس ایم منیر

بدھ 4 اکتوبر 2017 19:15

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اکتوبر2017ء) پاکستان اور کینیڈا کے درمیان تجارت بڑھانے کیلئے دونوں ممالک کے بزنس مین ایک دوسرے سے کے ساتھ رابطے میں ہیں اور تجارتی اشیاء کی فہرستوں کے تبادلے اور وفودکی آمدورفت سے دونوں ملکوں کے مابین باہمی تجارت بڑھ سکتی ہے۔ یہ بات یونائٹیڈ بزنس گروپ (یو بی جی) کینیڈا چیپٹر کے چیئرمین اور کینیڈا کے ممتاز بزنس مین نوید بخاری نے جے بی سعید اسٹوڈیو کے چیف ایگزیکٹوندیم کشتی والا کی جانب سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر یو بی جی کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر نے بھی گفتگو کی جبکہ خالد تواب، گلزار فیروز، عبدالسمیع خان، اختیار بیگ، ممتاز شیخ، سلطان شمسی، الطاف ایس ٹی، اکرام راجپوت، شکیل احمد ڈھینگڑا، وسیم وہرہ، مسعود نقی، منیر سلطان، راشد ہاشمی، مسعود احمد، شیخ منظر عالم، مظہر اے ناصر، شاہین الیاس سروانہ، شوکت اسماعیل، کلیم صدیقی، آتم پرکاش، طارق ملک، ذوالفقار شیخ بھی تقریب میں شریک تھے۔

(جاری ہے)

نوید بخاری نے کہا کہ بزنس کمیونٹی ایف پی سی سی آئی میں متحد رہ کرحکومت سے بہتر مراعات اور سہولیات حال کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کینیڈا میں پاکستانی ہائی کمشنرکا بھرپورتعاون حاصل ہے جبکہ ٹورنٹو میں پاکستانی قونصل جنرل عمران صدیقی پاکستانی بزنس مینوں کا خصوصی خیال رکھتے ہیں اور ان کی پاکستان اور کینیڈا کے مابین تجارت کے فروغ کیلئے کوششیں قابل تعریف ہیں۔

یو بی جی کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر نے کہا کہ افتخار ملک کی سربراہی میں یو بی جی کے ہرفرد نے تین سال بزنس کمیونٹی کی بھرپور خدمت کی ہے، یو بی جی کے مقابلے میں کمزور گروپ ہونے کے باوجود ہم پہلے کی طرح بھرپور اندازا میں الیکشن لڑیں گے اور اپوزیشن کو بھاگنے نہیں دیں گے، فیڈریشن الیکشن میں یو بی جی ایک بار پھر اپوزیشن گروپ کا صفایا کردے گا۔