کراچی،جام صادق پل پر تیز رفتار واٹر ٹینکر نے موٹر سائیکل سواروں کو کچل ڈالا،3افراد جاں بحق ،ْ تین زخمی

بدھ 4 اکتوبر 2017 16:21

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اکتوبر2017ء) کراچی کے علاقے کورنگی میں واقع جام صادق پل پر تیز رفتار واٹر ٹینکر نے موٹر سائیکل سواروں کو کچل ڈالا،جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق جبکہ تین زخمی ہوگئے، پولیس نے ٹینکر ڈرائیور کو تحویل میں لے لیا ہے ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق کورنگی روڈ پر واقع جام صادق پل پر بدھ کی صبح ایک گاڑی اور دو موٹرسائیکلوں کے درمیان ایکسیڈنٹ ہوگیا تھا جس پر گاڑی کے مالک اور موٹرسائیکل سواروں کے درمیان بحث جاری تھی کہ اچانک پیچھے سے آنے والا تیز رفتار واٹر ٹینکر تکرار کرنے والے افراد چڑھ گیا۔

دل خراش حادثے کے نتیجے میں تین افراد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ تین زخمی ہوگئے ، جاں بحق اور زخمیوں کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا، ٹینکر تلے کچلے جانے والوں میں دو افراد کی شناخت اسماعیل اور گل حسن کے نام سے ہوگئی۔پولیس نے موقع واردات سے ٹینکر ڈرائیور کو گرفتار کرتے ہوئے واٹر ٹینکر کو تحویل میں لے لیا ہے ،ٹریفک پولیس کے مطابق حادثے میں ایک کار اور چار موٹر سائیکلیں بھی مکمل طور پر تباہ ہوگئی ہیں۔