حکومت مال روڈ کو باضابطہ ریڈ زون قرار دینے کی طرف پیشرفت کرے ،سخت سزائیں تجویز کی جائیں‘ آل پاکستان انجمن تاجران

پنجاب اسمبلی میں کئے گئے اعلان کے مطابق صوبہ بھر میں تجاوزات کیخلاف بھی بلا امتیاز آپریشن شروع کیا جائے ‘ صدر اشرف بھٹی

بدھ 4 اکتوبر 2017 14:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اکتوبر2017ء) آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی نے مال روڈ کو باضابطہ ریڈ زون قرار دینے کی طرف پیشرفت اور خلاف ورزی پر سخت سزائیں تجویزکرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ حکومت اپنے اعلان کے مطابق صوبہ بھر میں تجاوزات کیخلاف بھی بلا امتیاز آپریشن کا آغاز کرے۔گزشتہ روز اپنے دفتر میں ملاقات کیلئے آنے والے تاجر نمائندوںسے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ مال روڈ پر احتجاجی مظاہروں،جلسے ،جلوسوں اوردھرنوں کے باعث نہ صرف مال روڈ بلکہ اس سے ملحقہ تجارتی مراکزمیں بھی کاروبار پرانتہائی منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ بہت سے تاجر یہاںسے کاروبار ختم کرکے دوسرے علاقوں میں منتقل ہو چکے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ حکومت سے مطالبہ ہے کہ مال روڈ کوباضابطہ ریڈزون قرار دینے کی طرف جلد از جلد پیشرفت کی جائے اور خلاف ورزی پر سخت سزائیں تجویز کیا جائے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے مزید کہا کہ تجاوزات کے باعث بھی تاجر برادری شدید مشکلات سے دوچار ہے ۔ حکومت پنجاب اسمبلی کے ایوان میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کا اعلان کرچکی ہے لیکن اس پر تاحال عملی اقدامات نہیں اٹھائے گئے ۔ مطالبہ ہے کہ حکومت صوبہ بھر میں تجاوزات کے خلاف بلا تفریق آپریشن کا آغاز کرے تاجر برادری حکومت اور متعلقہ اداروں سے بھرپور تعاون کرے گی ۔اس موقع پر تاجر نمائندوںنے مارکیٹوں کے حوالے سے مسائل سے بھی آگاہ کیا جس پر صدر اشرف بھٹی نے انہیں حل کرانے کی یقین دہانی کرائی ۔

متعلقہ عنوان :