عراق میں سڑک کنارے نصب بم دھماکہ،ایک امریکی فوجی ہلاک ، دوسرا زخمی،پینٹاگون کی تصدیق

بدھ 4 اکتوبر 2017 13:00

بغداد /واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 04 اکتوبر2017ء) عراق میں سڑک کنارے نصب بم دھماکے میںایک امریکی فوجی ہلاک اور دوسرا زخمی ہوگیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق پنٹاگان کی جانب سے ایک بیان میں کہا ہے کہ سڑک کنارے ایک بم دھماکے میں ایک امریکی اہل کار ہلاک جب کہ دوسرا زخمی ہوگیا۔

(جاری ہے)

ایک امریکی فوجی عہدے دار نے اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ سٹرک پر نصب بم سے ٹکرانے والی گاڑی اس قافلے میں شامل تھی جو اتوار کی رات تکریت کے شمال کی جانب حرکت کر رہا تھا۔

امریکی محکمہ دفاع کے ترجمان ایرک فاہون نے کہا ہے کہ ہلاک ہونے والے اہل کار کے نام کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔عراق میں اس وقت پانچ ہزار امریکی فوجی موجود ہیں جو وہاں عراقی فورسز اور داعش کے جنگجوں کے خلاف لڑنے والی کرد ملیشیا کے تربیتی اور مشاورتی امور سر انجام دے رہے ہیں۔پنٹاگان کا کہنا ہے کہ سن 2014 میں عراق اور شام میں داعش کے خلاف جنگ کے آغاز کے بعد سے یہ وہاں ہلاک ہونے والا 13 امریکی اہل کار ہے۔