بوہری کمیونٹی کے روحانی پیشوا سے پاک سرزمین پارٹی رہنمائوں کی ملاقات، اتحاد بین المسلمین اور امن کے فروغ کے لیے بوہری کمیونٹی کے کردار کو سراہا

الطاف حسین مہاجروں کے نام پر بد نما داغ بن چکے ہیں ، ایم کیو ایم الطاف حسین کی تھی اور اسی کی رہے گی، مصطفی کمال کسی آمر نے نہیں بلکہ نام نہاد جمہوری نمائندوں نے جمہوریت پر کاری ضرب ماری ہے ، جمہوریت کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے موجودہ پارلیمنٹ نے عدلیہ سے نا اہل قرار شخص کوسیاسی جماعت کا صدر بنوا دیاہے، میڈیا سے گفتگو

منگل 3 اکتوبر 2017 22:12

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 03 اکتوبر2017ء) بوہری کمیونٹی کے روحانی پیشوا سیدنا سیف الدین سے سید مصطفی کمال اور انیس قائم خانی سمیت پی ایس پی کے رہنمائوں کی بوہری محل میں ملاقات ہوئی ۔اس موقع پر سید مصطفی کمال نے اتحاد بین المسلمین اور امن کے فروغ کے لیے بوہری کمیونٹی کے کردار کو سراہا ۔ انہوں نے کہا کہ بوہری کمیونٹی کے روحانی پیشوا سیدنا سیف الدین کی آمد پر چالیس ہزار زائرین کا کراچی آنا شہر کے لئے خوش آئند ہے۔

اس موقع پر سیدنا سیف الدین نے سید مصطفی کمال کو ان کے نیک مقاصد میں کامیابی کے لئے دعا دی۔ بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے سید مصطفی کمال نے کہا کہ کسی آمر نے نہیں بلکہ نام نہاد جمہوری نمائندوں نے جمہوریت پر کاری ضرب ماری ہے جمہوریت کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے موجودہ پارلیمنٹ نے عدلیہ سے نا اہل قرار شخص کوسیاسی جماعت کا صدر بنوا دیاہے۔

(جاری ہے)

موجودہ ترمیم سے پاکستان کی ساکھ بین الاقوامی سطح پر متاثر ہوگی۔انہوں نے مزید کہا کہ الطاف حسین مہاجروں کے نام پر بد نما داغ بن چکے ہیں ، ایم کیو ایم الطاف حسین کی تھی اور رہے گی۔ایم کیو ایم(پاکستان) کی صورت میں مہاجر قوم کا خون پینے والے شکست خوردہ الطاف حسین کو سیاسی طور پر دوبارہ زندہ کیا جا رہا ہے لیکن2018 کے انتخابات میں الطاف حسین اور اس کی ایم کیو ایم کوشکستِ فاش دے کرختم کر دیں گے، مہاجر قوم ہمیشہ سے پاکستان کے ساتھ تھی اور رہے گی۔جس ملک کی خاطر مہاجروں نی20لاکھ جانوں کا نظرانہ دیا ، اس ملک کے پرچم کو مہاجر قوم کا نام لے کر نظر آتش کرنے والوں کو قوم کبھی معاف نہیں کرے گی۔#