ملکی تاریخ میں پہلی بار پاکستان میں سپورٹس سائنسز اینڈ فزیکل ایجوکیشن پر بین الاقوامی کانفرنس منعقد ہو گی

ْ یورپی یونین اور چین سمیت دنیا کے مختلف ممالک سے 13ریسرچ اسکالرز اور ماہرین شرکت کریں گے دنیا ریسرچ پر یقین رکھتی ہے، ریسرچرز کے تجربات سے فائدہ اٹھایا جاتا ہے ، بدقسمتی سے ہمارے ہاں سپورٹس سائنسز کی ریسرچ پر توجہ نہیں دی گئی، کانفرنس دنیا میں پاکستان کا سافٹ امیج اجاگر کرے گی سرحد یونیورسٹی کے وائس چانسلرڈاکٹر سلیم الرحمان کی عبدالولی خان یونیورسٹی مردان کے عہدیداروں کے ہمراہ پریس کانفرنس

منگل 3 اکتوبر 2017 18:18

ملکی تاریخ میں پہلی بار پاکستان میں سپورٹس سائنسز اینڈ فزیکل ایجوکیشن ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 03 اکتوبر2017ء) کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار پاکستان میں سپورٹس سائنسز اینڈ فزیکل ایجوکیشن پر 3روزہ بین الاقوامی کانفرنس منعقد کی جا رہی ہے،جس میں یورپی یونین اور چین سمیت دنیا کے مختلف ممالک سے 13ریسرچ ،اسکالرز اور ماہرین شرکت کریں گے جبکہ ملک بھر کی جامعات کے 400سے زائد مندوبین کانفرنس میں شریک ہوں گے۔

ان خیالات کا اظہار منگل کو یہاں مقامی ہوٹل میں سرحد یونیورسٹی آف سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی پشاور کے وائس چانسلرڈاکٹر سلیم الرحمان نے عبدالولی خان یونیورسٹی مردان کے عہدیداروں محمد فاروق اور ڈاکٹر ظہور الحق کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ سرحد یونیورسٹی آف سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی پشاور کے وائس چانسلرڈاکٹر سلیم الرحمان نے کہا کہ اسلام آباد میںسپورٹس سائنسز اینڈ فزیکل ایجوکیشن کے حوالے سے پہلی پاک یوروانٹرنیشنل کانفرنس منعقد کی جا رہی ہے،اس تین روزہ کانفرنس کا آغاز 6اکتوبر سے ہو گا جو8اکتوبر تک جاری رہے گی، کانفرنس میں فرانس،جرمنی، سلوانیہ، چین، امریکہ،مصر،کولمبیا اورچیک ری پبلک سمیت دیگر ممالک سے 13ریسرچ اسکالرز،ڈاکٹرز،پروفیسرز اور ماہرین شریک ہوں گے،اس کانفرنس میںکراچی سے خیبر اور کشمیر سے سکردو تک کی تمام یونیورسٹیز سے 400سے زائد مندوبین شرکت کریں گے اور 80پیپرز پورے ملک سے پڑھے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ ہمارے ملک میں کھیل کے میدان میں جو پرفارمنس ہے وہ اتار چڑھائو کا شکار رہتی ہے،ہم نے ریسرچ ، ٹیچنگ اور کوچنگ کو ہمیشہ نظرانداز کیا جس کی وجہ سے ہم صرف ٹیلنٹ پر انحصار کرتے ہیں، اگر ٹیلنٹ نہ ملے تو ہم کھیل کے میدان میں پیچھے رہ جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا ریسرچ پر یقین رکھتی ہے اور دنیا میں سپورٹس سائنسز پر ریسرچ ہوتی ہے اور ریسرچرز کے تجربات سے فائدہ اٹھایا جاتا ہے لیکن بدقسمتی سے ہمارے ہاں سپورٹس سائنسز پر ریسرچ پر توجہ نہیں دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ کانفرنس سے قبل دو ورکشاپس ہوں گی، پہلی ورکشاپ اسپیشل بچوں کے ساتھ ہو گی اور دوسری ورکشاپ رول آف اسپورٹس سائنسز کے موضوع پر منعقد ہو گی۔ اس موقع پر ڈاکٹر سلیم الرحمان نے بتایا کہ فرسٹ یورو پاک انٹرنیشنل کانفرنس میں عبدالولی خان یونیورسٹی مردان اور یونیورسٹی آف پنجاب لاہور سمیت ہائیر ایجوکیشن کمیشن ہمارے پارٹنر ہیں اورکانفرنس میں مذکورہ یونیورسٹیوں کا بھرپور تعاون حاصل ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس کانفرنس سے جہاں پاکستان میں اسپورٹس سائنسز اینڈ فزیکل ایجوکیشن سے متعلق آگاہی پیدا ہو گی وہاں یہ کانفرنس دنیا میں پاکستان کا سافٹ امیج اجاگر کرنے میں مددگار ثابت ہو گی۔