پاکستان نے اقوامِ متحدہ کے ہائی کمیشن برائے مہاجرین کی خصوصی کمیٹی اجلاس میں روہنگیا مہاجرین کا مسئلہ اٹھا یا

پاکستان سمیت دنیا بھر کے ترقی پذیر ممالک نے 86 فیصد مہاجرین کا بوجھ اٹھایا ہوا ہے، میزبان ممالک میں مختلف قسم کے سنگین مسائل جنم لے رہے ہیں،وفاقی وزیر برائے ریاستی و سرحدی امور لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عبدالقادر بلوچ

منگل 3 اکتوبر 2017 17:01

جنیوا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 03 اکتوبر2017ء) پاکستان نے اقوامِ متحدہ کے ہائی کمیشن برائے مہاجرین کی خصوصی کمیٹی کے اجلاس میں روہنگیا کے مہاجرین کا مسئلہ اٹھا یا۔وفاقی وزیر برائے ریاستی و سرحدی امور لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عبدالقادر بلوچ نے منگل کو ہونے والے اجلاس میں پچاس لاکھ روہنگیا کے مسلمانوں اور بے گھر افراد کا مسئلہ اٹھایا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے پاکستان کا مو قف پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر کے ترقی پذیر ممالک نے 86 فیصد مہاجرین کا بوجھ اٹھایا ہوا ہے اور اس وجہ سے میزبان ممالک میں مختلف قسم کے سنگین مسائل جنم لے رہے ہیں۔پاکستان ان مسائل کی وجوہات کا سدباب چاہتا ہے اوران مہاجرین کا بوجھ تمام اقوام عالم کو مل کر اٹھانا چاہئے۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پاکستان گذشتہ سالوں سے افغان مہاجرین کو پناہ دیئے ہوئے ہے اور پاکستان حالیہ مہاجرین کی وطن واپسی کیلئے دی گئی گرانٹ میں اضافے کو خوش آئیند قرار دیتا ہے۔ پاکستان افغانستان میں قیام امن کی تمام کوششوں کو سراہتا ہے اور ایک مستحکم اور ترقی یافتہ افغانستان ہی پاکستان کے مفاد میں ہے۔