نارکوٹکس فورس کی ملک گیر 11 کارروائیاں،2.6ٹن منشیات برآمد کر لی،8ملزمان گرفتار، 3گاڑیاں ضبط

منگل 3 اکتوبر 2017 16:30

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اکتوبر2017ء) اینٹی نارکوٹکس فورس نے ملک کے مختلف حصوں میں کی گئی11کارروائیوں کے دوران تقریباً2 ارب 90 کروڑ روپے بین الاقوامی مالیت کی2632کلو گرام منشیات برآمد کر لی، جبکہ منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث 8 ملزمان کو گرفتار کر لیا اور 3 گاڑیاں ضبط کر لیں۔برآمد شدہ منشیات میں2623کلو گرام چرس،6.4کلو گرام ہیروئن اور 3.2کلو گرام ایمفیٹا مائن شامل ہیں۔

اے این ایف کوئٹہ نے خفیہ اطلاع پر مبنی کاروائی کے دوران ضلع کلہ عبداللہ سے 1350 کلو گرام چرس برآمد کر لی۔تفصیلات کے مطابق برآمد شدہ منشیات کلہ عبداللہ کی تحصیل گلستان ،،اچکزئی روڈ پر مردہ کاریزکے علاقے کے میںواقع ایک غیرآبادمقام پر چھپائی گئی تھی۔ خفیہ اطلاع پر کی گئی دوسری کاروائی کے دوران اے این ایف کوئٹہ نے ضلع کلہ عبداللہ کی تحصیل چمن کے علاقے کلی مچیکہ میں واقع ایک غیرآباد ایک گھرمیںچھپائی گئی 516 کلو گرام چرس قبضے میں لے لی ۔

(جاری ہے)

تیسری کاروائی کے دوران اے این ایف کوئٹہ نے ضلع پشین کی تحصیل خانوزئی میں واقع خنائی باباکراس کے قریب ایک ہینوٹرک کو تحویل میں لے کر اسکے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی 750کلوگرام چرس برآمد کر لی،تاہم ٹرک میں سوار ملزم رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔اے این ایف راولپنڈی نے اقبال شہید ٹول پلازہ، اٹک کے قریب پشاور کے رہائشی محمد اسرار نامی موٹر سائیکل سوارکوحراست میں لے کرموٹرسائیکل کی سیٹ کے نیچے چھپائی گئی 5کلوگرام چرس برآمد کرلی۔

دوسری کاروائی کے دوران اے این ایف راولپنڈی نے اقبال شہید ٹول پلازہ، اٹک کے قریب ایک موٹر سائیکل کو روک اس پر سوارداٹک کے رہائشی فیصل بلال نامی ملزم کرگرفتار کر کے اسکے ذاتی قبضے سے 2کلوگرام چرس برآمد کرلی۔ تیسری کاروائی کے دوران اے این ایف راولپنڈی نے بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ، اسلام آباد سے مردان کے رہائشی بہادر لال نامی مسافر کو حراست میں لیکر ملزم کے ٹرالی بیگ میں چھپائی گئی 1کلو گرام ایمفیٹامین بر آمد کر لی۔

ملزم خلیج ایرلائنز کی پرواز نمبر FG-771کے ذریعے ریاض جارہاتھا۔ اے این ایف لاہور نے علامہ اقبال انٹر نیشنل ائرپورٹ پر کی گئی کاروائی میں سرگودھا کے رہائشی تجمل حسین نامی ملزم مسافر کو گرفتارکرکے اسکے ٹرالی بیگ سے 1.03کلو گرام ایمفیٹا مائن بر آمد کرلی ۔ ملزم پرواز نمبر EK-625سے دمام روانہ ہورہاتھا۔ دوسری کاروئی کے دوران اے این ایف لاہور نے علامہ اقبال انٹر نیشنل ائرپورٹ پر واقع نجی کورئیرکمپنی کے دفتر سے برطانیہ ارسال کیے جانے والے ایک پارسل کوقبضے میں لے کر 430گرام ہیروئین برآمدکرلی۔

اے این ایف پشاور نے پشاور ائر پورٹ سے چارسدہ کے رہائشی عالم خان کو شک کی بنا پر حراست میں لیا گیا، جس نے دوران تفتیش اپنے پیٹ میں ہیروئن بھرے کیپسولوں کی موجودگی کا بھی اعتراف کیا۔ بعد ازاں ملزم کے پیٹ سے برآمد ہونے والے کیپسولوں سے 490 گرام ہیروئن برآمد کی گئی۔ملزم شاہین ائر لائینز کی پرواز نمبر NL-723سے کے ذریعے ریاض روانہ ہورہاتھا۔

دوسری کاروائی کے دوران اے این ایف پشاور نے پشاورائرپورٹ سے کرم ایجنسی کے رہائشی اختر گل نامی مسافر کے ٹرالی بیگ سے 1.2کلوگرام ایمفیٹامین بر آمد کر لی۔ ملزم ائر عریبیہ کی پرواز نمبر G9-555کے ذریعے دوبئی جا رہاتھا۔ اے این ایف کراچی نے خفیہ اطلاع پر کاروائی کرتے ہوئے ڈائیوو بس اسٹینڈ سپر ہائی وے کے قریب چھاپہ مارکر راولپنڈی کے رہائشی ہمایوں انیس اورکراچی کے رہائشی سید علی شیر نامی ملزم کوگرفتار کر کے ملزمان کے قبضے سے 5.5کلو گرام ہیروئین برآمد کر لی۔تمام مقدمات اے این ایف کے متعلقہ تھانوں میں درج کر لئے گئے ہیںاور مزید تفتیش جاری ہے۔

متعلقہ عنوان :