اس وقت خطرہ جمہوریت کو نہیں ،جاتی امراء کی بادشاہت کو ہے جسے کندھا نہیں دیں گے‘ پیپلز پارٹی

ن) لیگ کی سیاست دوغلی ، جو اے آر ڈی کو بیچ کر چلے گئے اب اس نواز شریف کے دھوکے میں نہیں آئیں گے‘ چوہدری منظور

منگل 3 اکتوبر 2017 16:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اکتوبر2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی سیاست دوغلی ہے، ان سے خیر کی توقع نہیں، نواز اور شہباز شریف کی تقریریں ہی ان کے سیاسی منافقت کا منہ بولتا ثبوت ہیں،اس وقت خطرہ جمہوریت کو نہیں بلکہ جاتی امراء کی بادشاہت کو ہے جسے کندھا نہیں دیں گے۔ پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات چوہدری منظوری نے اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف خود مفاہمت کی جھوٹی باتین کرنے لگ گئے ہیں ،نواز کو اب شہید بھٹو اور بینظیر مظلوم لگنے لگے جن کی مخالفت میں انہوں نے ساری حدیں پار کر دیں،ججوں کو ٹیلیفون کر کے بینظیر اور آصف زرداری کو سزائیں دلوانے والے آج خود عدلیہ پر سیاست کا الزام لگا رہے ہیں،افتخار چودھری جیسے سیاسی جج کے ساتھ نواز شریف کی گٹھ جوڑ قوم نہیں بھولی،میموگیٹ میں کالا کوٹ پہن کر عدالت جانے والے آج کس منہ سے عوام کے حق حکمرانی کی بات کرتے ہیں،گیلانی کو افتخار چودھری کے ذریعے نااہل کروا کر نواز شریف نے خود عوامی مینڈیٹ پر شب خون مارا تھا،میثاق جمہوریت کو روندنے والے آج کس منہ سے گرینڈ نیشنل ڈائیلاگ کی باتیں کر رہے ہیں،میثاق جمہوریت سے بڑا گرینڈ نیشنل ایجنڈا کیا ہو سکتا ہے، جس پر نواز نے خود عمل نہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی ذات کیلئے قانونی ترمیم کرنے والوں سے کسی شخصیت کیلئے کوئی ڈائیلاگ نہیں ہوگا، اس وقت خطرہ جمہوریت کو نہیں جاتی امراء کی بادشاہت کو ہے، جسے کندھا نہیں دیں گے،جمہوریت اور شہری آزادیاں ہماری قیادت اور کارکنوں کے خون سے آئی ان کا دفاع کرنا ہمیں آتا ہے۔ چوہدری منظوری نے کہا کہ نواز شریف کی کرپشن کو بچانے کیلئے کسی گرینڈ نیشنل ڈائیلاگ کا حصہ نہیں بنیں گے، جو اے آر ڈی کو بیچ کر چلے گئے اب اس نواز شریف کے دھوکے میں نہیں آئیں گے، عوام ، جمہوریت، پارلیمنٹ اور آئین کی جنگ پی پی نے لڑی اب بھی ہم ہی لڑیں گے۔