اے این پی کے صوبائی صدرامیر حیدرہوتی کے ریمارکس کے خلاف سابق ضلعی صدر سمیت متعدد یونین کونسلوں کے عہدیدار مستعفی

منگل 3 اکتوبر 2017 16:18

اے این پی کے صوبائی صدرامیر حیدرہوتی کے ریمارکس کے خلاف سابق ضلعی صدر ..
پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اکتوبر2017ء) عام انتخابات کیلئے تشکیل دئے گئے اے این پی پارلیمانی بورڈ کے سربراہ اور صوبائی صدر امیر حیدر ہوتی کے رویے اورناپسندیدہ ریمارکس کے خلاف پارٹی کے سابق ضلعی صدر اور صوبائی و مرکزی کونسل کے رکن کامران صدیق ،پی کے نو کے سابق صدر اورصوبائی کونسل کے رکن میاں مزمل شاہ، اور پی کے نو میں شامل متعدد یونین کونسلوں کے پارٹی عہدیدار احتجاجاًً اے این پی کی بنیادی رکنیت سے مستعفی ہو گئے ہیں ۔

’’ کامران صدیق کے مطابق پی کے نو میں شامل کونسلوں کے ا یک نمائندہ وفد نے گزشتہ روز صوبائی صدر امیر حیدر ہوتی سے ملاقات کی اور انکے ساتھ عام انتخابات کے لیے پارٹی ٹکٹس کی تقسیم کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا، وفد کے ارکین کا مطالبہ تھا کہ پارٹی ٹکٹس کی تقسیم کے وقت نظریاتی کارکنوں کی آراء کو اہمیت دی جائے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صوبائی صدر نے وفد کے اراکین کی رائے کو اہمیت دینے اور انکی باتوں پر کان دھرنے کے بجائے انھیں جواب دیا کہ ’’ ولی خان اور باچا خان کی وفات کے بعدانکی نظریاتی سیاست دفن ہوچکی ہے اور اب ہم نے پارلیمان اور اقتدار کی سیاست کرنی ہے لھذا انتخابات کیلئے ٹکٹس کی تقسیم بھی اسی بنیاد پر کی جائے گی ‘‘ ۔

کامران صدیق کے مطابق بعد ازاں امیر حیدر ہوتی سے ملاقات کرنے والے وفد کے اراکین نے علیحدہ سے یوسی وڈپگہ میںایک اجلاس منعقد کیا جس میں کارکنان اور عہدیداروں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس میں اتفاق رائے سے امیر حیدر ہوتی کے طرز سیاست اور مذکورہ الفاظ کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ چونکہ اب اے این پی میں نظریاتی کارکنوں کی جگہ باقی نہیں رہی اس لئے انکے پاس اے این پی کی بنیادی رکنیت سے استعفے دینے کے سوا کوئی راستہ نہیں،جس کے بعد اجلاس کے شرکاء اور انکے دیگر ساتھیوں نے پارٹی سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا۔

متعلقہ عنوان :