بٹگرام شہروگردونواح میں عطائی ڈاکٹروں اورنجی ہسپتالوں کی بھرمارنے تشویش ناک صورت اختیار کر لی ہیں،تاج نبی سید و معززین علاقہ کی مشترکہ پریس کانفرنس

پیر 2 اکتوبر 2017 21:02

بٹگرام ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اکتوبر2017ء)بٹگرام کے مختلف علاقوں میں عطائی ڈاکٹروں اور نجی ہسپتالوں کی بھرمار نے تشویش ناک صورت اختیار کر لی ہیں،، ہیلتھ کیئر کمیشن والوں کی خاموشی پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ ڈی ایچ کیو ہسپتال کے بھی بعض ڈاکٹرز او پی ڈی کے اوقات میں نجی ہسپتالوں میں ڈیوٹی کرتے آ رہے ہیں، غریب عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ہے، صوبائی حکومت اس صورتحال کا نوٹس لے۔

ان خیالات کا اظہار تاج نبی سید، عطائی خان، جان تاب اور دیگر معززین علاقہ نے سوموار کو یہاں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بٹگرام شہر اور گردونواح میں عطائی ڈاکٹروں اور نجی ہسپتالوں کی بھرمار نے تشویش ناک صورت اختیار کر لی ہیں، صوبائی حکومت کی تبدیلی صرف کاغذی خانہ پری تک محدود ہو کر رہ گئی ہے، کمیشن مافیا اورمریضوںکوجعلی ادویات لکھنے والے بعض ڈاکٹرز کروڑ پتی بن گئے ہیں، ہیلتھ کیئر کمیشن والوں کی غفلت یا ملی بھگت سمجھ میں نہیں آ رہی، آخر کب حکومتی ادارے حرکت میں آئیں گے۔

(جاری ہے)

آئے روز ان ہسپتالوں میں مریضوں کے ساتھ بدتر سلوک کیا جا رہاہے، اس کی بنیادی وجہ ڈی ایچ کیو ہسپتال کے بعض ڈاکٹرز غریب مریضوں کو اپنے نجی ہسپتالوں میں جانے کا مشورہ دیتے ہیں۔ انہوں نے مشترکہ طور پر صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ ضلع بٹگرام کے اندر عطائی ڈاکٹروں، نجی ہسپتالوں اور دو نمبر کمیشن مار ادویات کا دھندہ کرنے والے عناصر کے خلاف بے رحم آپریشن کیا جائے تاکہ مزید انسان بے موت مرنے سے بچ سکیں۔